لندن ...لندن پولیس نے مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر اور حسین نواز کے صاحبزادے زکریا حسین کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے۔برطانوی پولیس نے بتایا حملے میں زخمی ہونے والا شخص پاکستانی ہے۔ زخمی نوجوان کی میڈ یکل رپورٹ کے بعد کیس کا تعین ہوگا۔ پولیس کے مطابق جنید صفدر کو کم از کم3 سال کی سزا ہو سکتی ہے۔ میڈیکل رپورٹ 24گھنٹے کے اندر سامنے آجائے گی ۔دریں اثناءمریم نوازنے کہا ہے کہ ایون فیلڈ فلیٹس کے باہر موجود تحریک انصاف کے کارکنوںنے گالیاں دیں۔ پی ٹی آئی کے کارکن جب بھی جنید کو دیکھتے تھے تو گالیاں دیتے تھے۔کوئی بھی ہو گالیاں دینے پررد عمل تو دیتا ہے۔واقعہ کی 2وڈیو وائرل ہوئی ہیں۔ ایک وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتعل نوجوان جنید صفدر کو مکوں سے اور پھر دکان پر پڑی چھتریوں سے مار رہا ہے۔دوسری وڈیو میں جنید صفدر اور زکریا حسین مشتعل نوجوان کو گرا کر مکے مارہے ہیں۔ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر مظاہرے کے دوران ایک شخص نے جنید صفدر اور زکریا حسین کے لئے نازیبا الفاظ استعمال کئے جس پر مار پیٹ کی نوبت آگئی۔مظاہرین نے موقع پر موجود پولیس اس کی اطلاع دی ۔جنید صفدر نے بتایا کہ کہ ایون فیلڈ ہاوس کے باہر موجود مظاہرین نے ان پر تھوکا اور حملہ کرنے کی کوشش کی جس پر وہ مشتعل ہوئے۔