Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج موسم میں ڈیوٹی پر آنے والوں کو احرام باندھنے کی اجازت نہیں

جدہ..... عارضی اور موسمی ویزوں کو منظم کرنے والی کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ حج موسم میں بیرون مملکت سے ارض مقدس ڈیوٹی پر آنے والوں کو احرام باندھنے کی اجازت نہیں۔ انہیں ویزے ڈیوٹی کیلئے دیئے جاتے ہیں، حج کیلئے نہیں۔ یہ وضاحت اتوار کو مکہ مکرمہ ریجن میں وزارت محنت و سماجی بہبود کے دفتر میں مذکورہ کمیٹی کے تیاری اجلاس کے دوران جاری کی گئی۔ اس موقع پر مکہ مکرمہ ریجن میں وزارت کے معاون ڈائریکٹر محمد جلال اور موسمی ویزوں کے نگراں ادارے کے ڈائریکٹر جنرل راشد العتیبی بھی موجود تھے ، دیگر عہدیدار بھی شریک ہوئے۔ راشد العتیبی نے واضح کیا کہ حج موسم میں ڈیوٹی کیلئے جاری کئے جانے والے ویزوں سے متعلق لائحہ عمل تیار کرلیا گیا ہے۔ حج میں عمل کیا جائیگا۔ حج خدمات پیش کرنے والے اداروں کو موسمی ویزے جاری کردیئے گئے۔ اس بات پر نظر رکھی جائیگی کہ ان ویزوں پر آنے والے جدہ اسلامی بندرگاہ ، جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ ، مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ اور طائف کے ایئرپورٹ پر احرام میں ملبوس نظر نہ آئیں۔ موسمی ویزوں پر حجاج کی خدمت کیلئے آنے والوں کو احرام پہننے کی اجازت نہیں ہوتی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کی سرزنش ہوگی اور موسمی ویزے حاصل کرنے والے اداروں پر چھاپے مارے جائیں گے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ موسمی ویزوں کو حج ویزوں کے طور پر استعمال نہیں کیا جارہا۔ 
 

شیئر: