کرسٹیانو رونالڈو کاجوونٹس کےلئے طبی معائنہ
تورین:پرتگال کی قومی ٹیم کے کپتان اور ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ کے سابق اسٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو نئے کلب میں شمولیت کیلئے اٹلی کے شہر تورین پہنچ گئے ۔ رونالڈو 100ملین پونڈ کے عوض اطالوی کلب جوونٹس میں شامل ہو گئے ہیں ۔ تورین آمد پر کلب کے سیکڑوں شائقین نے رونالڈو کا خیر مقدم کیا جس کے دوران وہ اپنے مداحوں کو آٹو گراف دینے کے علاوہ ان کے ساتھ تصاویر بنواتے رہے۔استقبالیہ تقریب کے بعد رونالڈو کو جوونٹس کے میڈیکل سینٹر پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم نے پرتگالی اسٹار کا طبی معائنہ کیا ۔اس دوران رونالڈو کے کئی ٹیسٹ کئے گئے ۔رونالڈو رئیل میڈرڈ کے ساتھ اپنے معاہدے کی تجدید میں دلچسپی نہیں رکھتے تھے ۔ذرائع کے مطابق رونالڈو معاہدے کی رقم میں اضافہ اور وہی تنخواہ طلب کررہے تھے جو ان کے حریف لائنل میسی کو بارسلونا میں مل رہی ہے تاہم کلب نے ان کی یہ خواہش پوری کرنے میں کسی دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا جس کے بعد رونالڈو نے اطالوی کلب میں ٹرانسفر کو ترجیح دی۔