فرانس کو 2مرتبہ عالمی چیمپیئن بنانے کا انوکھا اعزاز
جمعرات 19 جولائی 2018 3:00
پیرس:فرانس کی ٹیم نے کروشیا کو شکست دے کر 20سال بعد دوسری مرتبہ عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا لیکن دونوں مرتبہ فرانسیسی ٹیم کے چیمپیئن بننے کے پیچھے ایک ہی شخصیت کا مرکزی کردار رہا اور وہ کوئی اور نہیں بلکہ ٹیم کے موجودہ کوچ و منیجر ڈائیڈیئر ڈیشیمپ ہیں۔49سالہ ڈیشیمپ فٹبال کی تاریخ میں تیسرے ایسے شخص بن گئے ہیں جنہوں نے پہلے کھلاڑی اور پھر کوچ و منیجر کی حیثیت سے فیفا ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ان سے پہلے برازیل کے ماریو زگالو نے 1958 اور 1962ء میں کھلاڑی کی حیثیت سے عالمی کپ جیتا اور پھر 1970ء میں منیجر اور کوچ کی حیثیت سے بھی برازیل کو چیمپیئن بنوایا۔ مغربی جرمنی کے فرینز بیکن بائرنے 1974ء کھلاڑی کی حیثیت سے ورلڈ کپ جیتا اور پھر 1990ء میں جب مغربی جرمنی چیمپیئن بنا تو وہ ٹیم کے کوچ اور منیجر تھے۔ ڈیشیمپ کا مقام اس لحاظ سے ممتاز ہے کہ جب 1998ء میں فرانس عالمی چیمپیئن بنا تو وہ اپنی ٹیم کے کپتان تھے اور اب انہوں نے کو چ ومنیجر کی حیثیت سے بھی یہ کارنامہ انجام دیا۔سابق مڈفیلڈر ڈیشیمپ کا شمار فٹبال کی تاریخ کے ان چند کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے کیریئر میں تقریباً ہر بڑی ٹرافی اپنے نام کی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے 20سال قبل ایک کھلاڑی کی حیثیت سے یہ خوبصورت لمحہ دیکھنے کا اعزاز حاصل ہے اور اب دوسری مرتبہ اس خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ڈیشیمپ نے 1985 سے 2001 تک دنیا کے مشہور کلبز جوونٹس، نینٹس، مارسیلی، بورڈیکس، چیلسی اور ویلنشیا کیلئے بھی کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا اور خدمات انجام دیں۔ انہوں نے فرانس کیلئے یورو کپ بھی جیتا جبکہ وہ 1996ءمیں چیمپیئنز لیگ جیتنے والی جوونٹس ٹیم کے بھی رکن تھے۔