اکثر تارکین انتخابات میں شرکت کیلئے وطن روانہ ہونے لگے، تبدیلی کیلئے ہر شخص اپنا حصہ شامل کرے، تارکین کے تاثرات
جدہ( ارسلان ہاشمی) پاکستان میں 25 جولائی کو ہونےو الے عام انتخابات کے حوالے سے مملکت میں مقیم پاکبانوں میں غیر معمولی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ تارکین کا کہنا ہے کہ حکومت کو بیرون ملک مقیم پاکبانوں کو ووٹ کا حق دینا چاہیئے تھا۔ تارکین وطن ملک کی معیشت میں انتہائی اہم کردار کے حامل ہیں مگر اہم مواقع پر ہمیشہ ان کی حق تلفی ہوتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ہونےو الے انتخابات کے حوالے سے ایک سروے میں لوگوں کی بڑی تعداد ووٹ ڈالنے کیلئے وطن روانہ ہورہی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت تبدیلی کے دور سے گزر رہا ہے ہمیں بھی اس موقع پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس ضمن میں پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے شہباز بھٹی کا کہنا تھا کہ ووٹ ڈالنے کیلئے پاکستان جانے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ ہمیں ہر صورت میں اس انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کرنا ہے تاکہ تبدیلی کے اس عمل میں اپنا حصہ شامل کرسکیں۔ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے گلاب خان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے تسلسل اور بقاءکیلئے انتخابی عمل انتہائی ضروری ہے۔ اس عمل میں ہر محب وطن کو شریک ہونا چاہیئے۔ جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے بلال احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم کیاگیا ہے ، وطن عزیز کی بقاءاور سلامتی بھی اسلامی نظام کے قیام اور اس پر کماحقہ عمل کرنے میں ہے۔ پاکستان میں ہونے والے حالیہ انتخابات کے حوالے سے عوام میں جو تبدیلی کا شعور بیدار ہوا ہے وہ انتہائی مثبت ہے جس سے اب یہ امید پیدا ہوچکی ہے کہ ہمارے یہاں نئی صبح بھی طلوع ہوگی۔ جے یو آئی کے حافظ طاہر کا کہنا تھا کہ عوام کو ملکی قیادت منتخب کرنے کیلئے بہت سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا چاہیئے۔ علاقائی ، لسانی یا فرقہ وارانہ تعلقات سے بالاتر ہوکر وطن عزیز کیلئے ایماندار اور صالح قیادت منتخب کرنا ہر ایک کا فرض ہے۔ مسلم لیگ ن کے عارف رضا کا کہنا تھا کہ انتخابات میں ا ن کی جماعت نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔ عوام کو چاہیئے کہ وہ کئے جانے والے ترقیاتی کاموں کو دیکھ کر فیصلہ کریں۔ سی پیک اور دیگر ترقیاتی منصوبے ہمارے سامنے ہیں۔