بچہ چوری کے شبہ میں خاتون کاپُرہجوم قتل
سنگرولی۔۔۔۔پولیس اور خود واٹس ایپ کے ذریعے مہم چلانے کے باوجود افواہوں کا بازار تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر بچہ چوری کی افواہ کے باعث مدھیہ پردیش میں ضلع سنگرولی کے موروا علاقے میں بھیڑنے ایک 25سالہ خاتون کومار مار کر ہلاک کردیا ۔ خاتون کی شناخت ابھی نہیں ہوسکی۔سنگرولی کے رہنے والے ریاض اقبال نے بتایا کہ ایک افواہ کی وجہ سے پُرہجوم قتل کا واقعہ پیش آیا۔پولیس ذرائع کے مطابق مقامی لوگوں نے بچہ چوری کے شبہ میں مقتول خاتون سے مختلف سوالات پوچھنے کے بعد اس پر حملہ کردیا ۔خاتون کی لاش موروا گاؤں میں محکمہ جنگلات کی نرسری کے قریب ملی۔ایس پی ریاض نے بتایا کہ درجنوں افراد کیخلاف رپورٹ درج کی گئی جن میں سے 9افراد کو گرفتار کیا گیاجبکہ دیگر کی گرفتاری کی کارروائی شروع کردی گئی۔