بزم طلباء قدیم و محبان جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام دینی کلاسوس کا سلسلہ جاری ہے ، محمد عبدالسلام
سالانہ تعطیلات کے دوران مختصر تربیتی کورس کے ذریعے طلباء کو وضو، اذان ،نماز کا طریقہ اور احادیث مبارکہ ، نعت خوانی و فن تقریر میں بھی مہارت دلائی جاتی ہے
امین انصاری ۔ جدہ
بزم طلبائے قدیم و محبان جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام گرمائی تعطیلات کے دوران بچوں کو علوم دینیہ کی تعلیم دینے کیلئے جدہ کے دارالعلم میں گرمائی کلاسوں کا انعقاد جارہی ہے ۔ بزم کے سرپرست حافظ و قاری محمد عبدالسلام نے بتایا کہ الحمدللہ گزشتہ 25 سال سے یہ سلسلہ جاری ہے ۔ نونہالوں کے مستقبل کو روشن کرنے کیلئے جو اساتذہ اپنی خدمات دے رہے ہیں ان میں حافظ و قاری سید درویش محی الدین ، حافظ و قاری محمد عمر مسعود ، حافظ و قاری مرزا عبداللہ بیگ ، قاری محمد اعجاز صدر الدین کے ساتھ ساتھ مولانا نظام الدین غوری اور حافظ و قاری محمد عبدالسلام شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ الحمداللہ ہماری توقعات سے زیادہ طلباء داخلہ لیکر ابتدائی دینی تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں ۔ صدر بزم مولانا حافظ و قاری نظام الدین غوری نے کہا 6 سال سے 15 سال کی عمر کے طلباء کو داخلہ دیا گیا۔ الحمد اللہ کمسن طلباء کو وضو کا طریقہ ، اذان کا طریقہ ، نماز کا طریقہ ، احادیث مبارکہ ، نعت خوانی ، تقریرکے فن میں مہارت دلائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ بچوں کو دین کی چھوٹی چھوٹی باتیں جو روزمرہ کی زندگی میں استعمال ہوتی ہیں، انہیں ازبر کرادیں تاکہ ان کی زندگی قرآن و سنت کے مطابق ہو ۔اس کے علاوہ بچوں کو حفظِ قرآن معہ تجوید پڑھایا جاتا ہے ۔ انگریزی اور اردو میں تقاریر کرواکر انہیں وقت کے مقرر بنانے کی کوشش کی جاتی ہے ۔ دارالعلم کسی قسم کی فیس نہیں لیتا۔ یہ صرف اللہ کی رضا کیلئے کیا جاتا ہے تاکہ ہمارے نونہال دین اسلام سے وابستہ رہیں ۔دارالعلم تعلیم حاصل کرنے والے تمام طلبہ کو روزانہ جوس ،آئسکریم اور کیک مہیا کرتا ہے نیز ہر روز ایک بچے کو بہترین کارکردگی پر نقد انعام دیتا ہے جس سے بچوں میں ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی جستجو پیدا ہوتی ہے ۔ ہر جمعرات کو قرعہ کے ذریعے 5 بچوں کا نام نکالا جاتاہے جنہیں اتوار کی کلاس میں ترغیبی انعام دیا جاتا ہے ۔ سرپرست اعلیٰ حافظ محمد عبدالسلام نے اولیائے طلباء سے اپیل کی کہ وہ اپنے نونہالوں کو چھٹیوں کے دوران گھروں میں بٹھانے کے بجائے دینی تعلیم حاصل کرنے کیلئے دارالعلم میں داخل کرائیں ۔ 15 اگست کوگرمائی کلاسس کا اختتام عمل میں آئے گا اور اسی دن مقامی ہوٹل میں جلسہ عام رکھ کر بچوں کی تعلیمی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جائے گا ۔