ملک بھر میں بلاتعطل پولنگ جاری
کراچی: ملک بھر میں قومی اسمبلی کی 270 اور صوبائی اسمبلیوں کی 570 نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق صبح 8 بجے شروع ہونے والی ووٹنگ شام 6 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن کے اعداد شمار کے مطابق الیکشن میں ملک بھر سے 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 رجسٹرد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں الیکشن 2018ءکے سلسلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ رواں برس ہونے والے انتخابات میں ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں سمیت 122 سیاسی و مذہبی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں جن کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لئے مجموعی طور پر 12 ہزار 570 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔ قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلیوں کی 6 نشستوں پر مختلف وجوہات کی بنا پر انتخابات ملتوی کئے جا چکے ہیں۔ دوسری جانب سندھ اسمبلی سے حلقہ پی ایس 6 سے پیپلز پارٹی کے میر شبیر بجارانی پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔