پولنگ اسٹیشن پر خودکش حملہ‘ پولیس اہلکاروں سمیت 22شہید
کوئٹہ: ملک بھر میں انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے جبکہ اس دوران قیام امن کے لیے ملک بھر میں سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ اسی دوران عین الیکشن کے روز کوئٹہ میں ایک دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس کے قریب پولنگ اسٹیشن کے باہر خودکش دھماکے میں 22 افراد شہید اور 28 زخمی ہو گئے ہیں۔ کوئٹہ کے نواحی علاقے مشرقی بائی پاس پر پولنگ اسٹیشن کے باہر کیے گئے حملے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 22 افراد شہید اور 28 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا ہے ۔ سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے ۔ زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ، ترجمان سول اسپتال کا کہنا ہے کہ واقعہ میں 22 افراد شہید ہوئے جبکہ 28 زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے ۔ زخمیوں میں سے 10 کی حالت انتہائی تشویشناک ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا خودکش تھا، خودکش حملہ آور پولنگ اسٹیشن کے اندر گھسنا چاہتا تھا لیکن اس کی کوشش کامیاب نہ ہوسکی تو اس نے باہر پولیس کی گاڑی کے قریب خود کو اڑالیا۔ شہید ہونے والوں میں 5پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔