Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قلات: تانبا لے جانے والی گاڑیوں کے قافلے پر حملہ، چھ سکیورٹی اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی

مقامی رہائشیوں کے مطابق منگچر بازاور اور اطراف کے علاقے کافی دیر تک فائرنگ سے گونجتا رہا۔ (فوٹو: فیس بک)
بلوچستان کے ضلع قلات میں معدنیات لے جانے و الی گاڑیوں کے قافلے پر نامعلوم عسکریت پسندوں کے حملے کے نتیجے میں چھ سکیورٹی اہلکاروں سمیت سات افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ واقعہ پیر کی شام کو کوئٹہ سے تقریباً 110 کلومیٹر دور قلات کی تحصیل منگچر کے بازار میں کوئٹہ کراچی این 25 قومی شاہراہ پر  پیش آیا۔
حکام کے مطابق نامعلوم افراد نے منگچر بازار میں نادرا دفتر کے قریب پل کے نیچے آئی ای ڈی بم نصب کر رکھا تھا اور اس وقت دھماکہ  کیا جب وہاں سے معدنیات لے جانےوالی چینی کمپنی  کی گاڑیوں کا قافلہ سکیورٹی کے حصار میں گزر رہا تھا۔
ڈپٹی کمشنر قلات بلال شبیر نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’دھماکے کے نتیجے میں قافلے کی سکیورٹی پر  مامور سکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں چھ سکیورٹی اہلکار اور ایک راہ گیر زخمی ہوگیا۔‘ ان کے بقول تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جوکافی دیر تک جاری رہا جس کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔
لیویز کنٹرول قلات کے مطابق فائرنگ کی وجہ سے کوئٹہ کو کراچی  شاہراہ  تقریباً تین گھنٹوں تک ٹریفک کے لیے بند رہی۔ دونوں اطراف سے مسافر بسوں اور مال بردار ٹرکوں سمیت ہر قسم کی ٹریفک کو مختلف مقامات پر  روک دیا گیا تھا۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق منگچر بازاور اور اطراف کے علاقے کافی دیر تک فائرنگ سے گونجتا رہا۔
لیویز کے مطابق دھماکے سے پل کو بھی نقصان پہنچا جس کی وجہ سے  صرف چھوٹی گاڑیوں کو گزرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
ٹرکوں اور مال بردار بڑی گاڑیوں کو فی الحال روک دیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر منگچر علی گل عمرانی نے بتایا کہ 20 سے زائد گاڑیوں پر مشتمل یہ قافلہ چاغی کے علاقے سیندک میں واقع  سونے اور تانبے کی کان سے  تانبا  اور دیگر سامان لے کر  کراچی جارہا تھا۔ ان کے بقول  قافلے میں شامل گاڑیوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

شیئر: