ہیئر کلر کو دیرپا اور خوبصورت بنانے کے لیے احتیاط لازم
ہیئر کلر سے بالوں میں خوبصورتی اور نیا پن پیدا ہوتا ہے تاہم اسکے اثر کو دیر پا برقرار رکھنے کے لیے احتیاط اور حفاظت کی ضرورت ہوتی ہے ورنہ بال روکھے پن کا شکار ہو جاتے ہیں اور رنگ بھی بہت جلد پھیکا پڑنے لگتا ہے . بالوں کی حفاظت اور رنگت کو دیرپا بنانے کے لیے درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کی جا سکتی ہیں .
شاور لینے سے پہلے شاور کے نلکے پر فلٹر چڑھائیں۔ یہ فلٹر پانی سے غیر ضروری کیمیکلز، کلورین اور معدنیات کو نکال کر بالوں کو روکھا اور بے رونق ہونے سے بچاتا ہے . یہ کیمیکلز بالوں سے سے قدرتی تیل کو جذب کر لینے کا سبب بنتے ہیں ۔فلٹر استعمال کرنے سے بالوں کا رنگ زیادہ عرصہ تک برقرار رہتا ہے ۔ اسکے علاوہ بالوں کی رنگت کو برقرار رکھنے کے لیے مہینے میں ایک بار ایک حصہ سیب کا سرکہ اور تین حصے پانی لے کر، انہیں اچھی طرح مکس کر کے شیمپو اور کنڈیشنراستعمال کرنے کے بعد بالوں پر لگائیں ۔ یہ مکسچر بالوں پر جمنے والی معدنیات کی تہہ کو ہٹاکر بالوں کے رنگ کو نکھار نے کا سبب بنتا ہے ۔
سورج کی تیز ’اَلٹرا وائلٹ‘ شعائیں بھی رنگے ہوئے بالوں کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ یہ شعائیں بالوں سے انکی رنگت کو چھین لیتی ہیں۔ ان سے محفوظ رہنے کے لیے ہَیٹ یا اسکارف کا استعمال ضروری ہے ۔ اس کے علاوہ، چاہیں تو اپنے بالوں پر SPFاسپرے بھی چھڑک سکتی ہیں۔ بار بار شیمپو کرنا بھی بالوں کے رنگ کو وقت سے پہلے پھیکا اور بے رونق بناسکتا ہے ۔تاہم زیادہ دن تک شیمپو نہ کرنے سے آپ کے بال چکنے ہوجاتے ہیں، بالوں کو چکنا ہونے اور شیمپو کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے کسی معیاری ’ڈرائی شیمپو کا استعمال کریں۔ اسکے علاوہ آپ اپنے بالوں کو جس قدر زیادہ موائسچرائز رکھیں گی، ان کا رنگ اتنا زیادہ عرصہ تک برقرار رہے گا۔ اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ کام کاج شروع کرنے سے پہلے اپنے بالوں پر کھوپرے کا تیل لگاکر انھیں جُوڑا لگادیں . جسمانی مشقت کے دوران، آپ کے جسم میں پیدا ہونے والی گرمی سے بالوں کو زیادہ موائسچریعنی نمی میسر آئے گی۔