الجوف مکتب العمل نے مقامی کمپنی کو 87 غیر ملکی ملازمین کے حقوق ادا کرنے کا حکم دیدیا
جمعرات 26 جولائی 2018 3:00
الجوف.... یہاں وزارت محنت و سماجی بہبود کے افسران نے ایک بڑی مقامی کمپنی کو 87سے زیادہ غیر ملکی ملازمین کے حقوق ادا کرنے کا حکم دیدیا۔ غیر ملکی کارکنان نے مکتب العمل پہنچ کر شکایت درج کرائی تھی کہ انکی کمپنی انہیں مسلسل 6ماہ سے زیادہ عرصے سے تنخواہ دینے میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔ غیر ملکی کارکنان نے تنخواہ میں تاخیر پر تاخیر سے متاثر ہوکر ڈیوٹی دینے سے انکار کردیا تھا۔ مکتب العمل کے افسران نے متعلقہ کمپنی کے سکاکا دفتر کا دورہ کیا ۔ وہاں ریکارڈ چیک کیا ۔ تحقیقات سے یہ بات واضح ہوگئی کہ کمپنی کارکنان کو مقررہ وقت پر تنخواہ ادا کرنے سے قاصر رہی ہے۔ کمپنی کے خلاف اور بھی متعددخلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئی ہیں۔ مکتب العمل کے افسران کے سربراہ عبدالمجید العنزی نے بتایا کہ کمپنی کے عہدیدار سے رابطہ کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ جب تک کارکنان کے حقوق ادا نہیں کئے جائیں گے تب تک وہ ڈیوٹی پر نہیں آئیں گے۔ کمپنی کو یہ حکم بھی دیا گیا ہے کہ وہ غیر ملکی کارکنان پر مطلوبہ سہولتوں سے آراستہ مناسب رہائش فراہم کرے۔ العنزی نے توجہ دلائی کہ وزارت محنت اس سے پہلے بھی کئی بار خبردار کرچکی ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں میں تاخیر ناقابل برداشت ہے۔ یہ عمل قانون محنت کے منافی ہے۔ یہ ایسی خلاف ورزی ہے جس پر گرفت لازم ہے۔