نسخے کے بغیر فارمیسی سے اینٹی بایوٹک ادویہ کیسے حاصل کی جائیں؟
جمعرات 26 جولائی 2018 3:00
937کا نمبرمخصوص کردیا، بیماری بیان کرکے نسخہ بھی حاصل کیا جاسکتا ہے
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) وزارت صحت کی جانب سے ٹیلی فونک خدمت کی نئی سہولت متعارف کروادی گئی ۔ 937 پرکال کر کے ادویات کے علاوہ طبی مشورے بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق وزارت صحت کے قواعد کے مطابق اہم ادویات جن میں انیٹی بائیوٹک بھی شامل ہیں فارمیسی سے خریدنے کےلئے ڈاکٹری نسخہ درکار ہوتا ہے۔ اگر کسی کے پاس نسخہ نہیں ہے تو وہ امورصحت کی ٹیلی فونک سروس کے ذریعے بیماری بیان کر کے نسخہ حاصل کرسکتا ہے ۔ وزارت صحت نے ٹیلی فونک سروس کےلئے 937 کانمبر مخصوص کیا ہے جس پر کال کرنے کے بعد مختلف آپشنز دیئے جاتے ہیں جن میں انفارمیشن اور اطلاعات کےلئے نمبر ایک ڈائل کرنا ہے ۔ طبی مشوروں کےلئے نمبر 2ڈائل کیاجائے انسداد تمباکو نوشی پروگرام کےلئے نمبر 3 جبکہ کلینک میں وقت لینے کےلئے 4 ڈائل کیاجائے ۔ طبی مشوروں کے بارے میں نمبر 2ڈائل کرنے کے بعد اپنے بارے میں معلومات فراہم کرکے درکار اور زیر استعمال ادویات کے بارے میں بتا کر ڈاکٹری نسخہ حاصل کیاجاسکتا ہے ۔ ڈاکٹری نسخہ موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے ارسال کردیاجاتا ہے جسے دکھا کر فارمیسی سے مطلوبہ دوائی باسانی حاصل کی جاسکتی ہے ۔ واضح رہے سعودی وزارت صحت کی جانب سے ڈیجیٹل سسٹم متعارف کروایا گیا ہے تاکہ صارفین کو سہولت ہو اور وہ ضروری ادویات اور فوری طبی مشورے با آسانی حاصل کر سکیں ۔