دعا ہے شیخ رشید کو ریلوے نہ ملے
جمعرات 26 جولائی 2018 3:00
لاہور...مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سعد رفیق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بند گلی میں پھنس گئے ۔ عمران خان کو سمجھاتے تھے کہ آپ کی باری آگئی تو آ پ کا کیا بنے گا ۔ کیسے سرکار چلاو گے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے پولنگ ایجنٹس کو نتائج نہیں دئیے گئے ۔ رات تک مجھے 12 ہزار ووٹوں سے جتوایا جا رہا تھا۔یہ انوکھا الیکشن تھا جس کی تیاری دھرنا ون سے شروع کردی گئی تھی۔ عمران خان کو ووٹ دینے والوں کو جلد محسوس ہوجائے گا کہ انہوں نے کیا فیصلہ کیا ۔ دیکھتے ہیں عمران خان کیسے سرکار چلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی تنہائی کا شکار ہیں، وہ ایسی جگہ پھنس گئے جہاں سے واپسی کا راستہ نہیں۔ وفاق میں دیکھیں گے کہ پیپلزپارٹی کس کروٹ بیٹھتی ۔اگر وہ ہمارے ساتھ چلنا چاہتی ہے تو اس کا فیصلہ اس نے کرنا ہے ہمیں کوئی اعتراض نہیں اور یہ میرا ذاتی خیال ہے ۔ اس کے بعد پنجاب میں اس سے اتحاد سے متعلق کوئی فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ ریلوے کی وزارت شیخ رشید جیسے انسان کے ہاتھ نہ آئے۔انہوں نے پہلے بھی ٹرینوں کا میک اپ کرکے ایک ٹرین کو مختلف ناموں سے چلایا ۔ کوئی مانے یا نہ مانے لیکن دنیا مانتی ہے کہ میں نے ریلوے کو سنجیدگی سے چلایا۔