لندن .... ایک برطانوی طالب علم نے تھری ڈی پرنٹر کی مدد سے زیر آب استعمال کے قابل جیٹ پیک تیار کیا ہے۔ جس کی مدد سے زیر آب تیراکی کرنے والے افراد اپنی رفتار میں نمایاں اضافہ کرسکتے ہیں۔ طالب علم کا کہناہے کہ اس نے جو جیٹ پیک تیار کیا ہے اسکی تیاری کیلئے تھری ڈی ٹیکنالوجی کی مدد سے 45مختلف پارٹس تیار کئے گئے اور پھر انہیں جوڑ کر ایک شکل دیدی گئی جسے ٹیوڈا جیٹ پیک کا نام دیا گیا ہے جسکی فروخت 2019ءمیں شروع ہوجائیگی۔ اس کی تیاری صرف چند منٹ میں ممکن ہے۔ انجینیئرنگ یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے اس طالب علم آرکی اوبرائن کا کہناہے کہ اس نے شوقیہ طور پر تھری ڈی ٹیکنالوجی سے مختلف چیزیں تیار کرنے کا سلسلہ شروع کیاتھا اورجب یہ چیزیں بن گئیں تو اس نے انہیں یکجا کرکے اس انڈر واٹر جیٹ پیک کو تیار کرلیا۔ ٹیوڈا کی فروخت آئندہ سال شروع ہوگی۔ اوبرائن کا کہناہے کہ وہ شرو ع میں ایسے منصوبے پر کام کررہا تھا جس کا مقصد جیٹ طیاروں میں استعمال ہونے والے انجن کا سائز چھوٹا کرنا تھا۔ مگر ایک دوسری چیز قدرت اس سے بنوانا چاہتی تھی سو وہ بن گئی۔