Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین شریفین سمیت مملکت بھر میں چاند گرہن پر صلوة الخسوف

مکہ مکرمہ..... مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی شریف مدینہ منورہ سمیت مملکت بھر میں جمعہ کو چاند گرہن پر صلوة الخسوف ادا کی گئی۔ اللہ تعالیٰ سے گناہوں کی معافی اور مغفرت طلب کی گئی۔ دعائیں کی گئیں کہ اللہ تعالیٰ اس آزمائش سے ہمیں نکال دے۔ عہد کیا گیا کہ وہ آئندہ زندگی گناہوں سے پاک گزاریں گے۔ حق تلفی نہیں کرینگے۔ خالص توحید کی پابندی کریں گے۔ بدعات و خرافات سے دور رہیں گے۔ اپنوں اور پرایوں کے حقوق ادا کرنے میں غفلت نہیں برتیں گے۔ افراط و تفریط سے کام نہیں لیں گے۔ قرآنی آیات اور احادیث مبارکہ کی پابندی کرینگے۔ ہر معاملے میں اسلامی تعلیمات نافذ کرنے کی کوشش کرینگے۔ ممنوعہ امور سے اجتناب برتیں گے۔ صلوة الخسوف کے بڑے اجتماع حرمین شریفین میں ہوئے۔ تیسرا بڑا اجتماع ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ جامع مسجد میں دیکھنے میں آیا۔ مقامی شہریوں کے شانہ بشانہ تارکین وطن بھی کثیر تعداد میں صلوة الخسوف پڑھنے والوں میںشامل رہے۔ پاکستان، ہندوستان اور بنگلہ دیش کے شہری پیش پیش تھے۔ صلوة الخسوف فرض نمازوں کو چھوڑکر واحد نماز ہے جو لگ بھگ دنیا بھر میں ایک ہی ساتھ ادا کی جاتی ہے۔ ایوان شاہی کے مشیر اور سربرآوردہ علماءبورڈ کے رکن شیخ ڈاکٹر عبداللہ المطلق نے صلوة الخسوف کے حوالے سے عوام الناس میں گردش کرنے والی اس سوچ کو غیر اسلامی قرار دیا جس کے تحت کہا جارہا تھا کہ چاند گرہن کا واقعہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے عذاب کی ایک شکل ہے۔ علامہ المطلق نے توجہ دلائی کہ اس قسم کی سوچ درست نہیں۔ سچ یہ ہے کہ چاند گرہن ہو یا سورج گرہن یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے عذاب نہیں بلکہ تازیانہ عبرت ہے۔ اللہ تعالیٰ لوگوں کو گناہوں ، برائیوں کے راستے پر چلنے سے روکنے کیلئے اس قسم کے واقعات کرتا ہے۔ یہ قوانین فطرت کے عین مطابق واقعات ہیں۔ اللہ تعالیٰ چاہتا ہے کہ بندے کائناتی قوانین کے تحت ہونے والے ان واقعات سے عبرت پکڑیں اور راہ حق پر واپس آجائیں۔
 

شیئر: