تحریک انصاف نے چھانگا مانگا کی تاریخ دہرا دی،چانڈیو
اسلام آباد... پیپلزپارٹی نے انتخابات میں دھاندلی کے ثبوت جمع کرنا شروع کر دیئے ۔ اس حوالے سے پارٹی امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دھاندلی کا ریکارڈ الیکشن سیل کو ارسال کریں ۔ شکایات الیکشن سیل بلاول ہاوس کراچی کے پتہ پر ارسال کی جائیں۔پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیونے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے امیدواروں کے 10 سے 12 ہزار ووٹوں کو مسترد کر کے انہیں ہرایا گیا جہاں جہاں پیپلزپارٹی جیت رہی تھی وہاں مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد تاریخی بنا دی گئی انہوں نے کہا کہ پھر چھانگا مانگا کی تاریخ دہرائی جا رہی ہے ۔ ایک نااہل شخص جہاز لے کر نو منتخب ارکان کو خریدتا پھر رہا ہے ۔پی ٹی آئی لاکھ کوششوں کے باوجود مثبت نتائج حاصل نہ کر سکی ۔ اب خریدو فروخت کے لئے جہاز چلایا اور ایڑی چوٹی کا زور لگایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہانتخابات سے پہلے پولنگ کے دن اور بعد میں الیکشن کمیشن اپنا کردار ادا کرنے میں بری طرح ناکام ہوا ہے ۔ الیکشن کمیشن کی جانبداری دن بدن بڑھتی اور بے نقاب ہوتی جا رہی ہے ۔ اب دوبارہ گنتی کے معاملے پر بھی الیکشن کمیشن پسند اور ناپسند سے کام لے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر دھاندلیوں کے باوجود ہم میدان نہیں چھوڑیں گے ۔ پیپلزپارٹی پارلیمنٹ میں بیٹھ کر جمہوریت کو حقیقی معنوں میں مستحکم کرنے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرے گی ۔