محمد صلاح کو چیمپیئنز لیگ میں زخمی کرنا وحشیانہ عمل تھا
اتوار 29 جولائی 2018 3:00
مشی گن: انگلش کلب لیور پول کے کوچ و مینجرجرگن کلوپ نے چیمپیئنز لیگ فائنل میں اپنے اسٹار مصری کھلاڑی محمد صلاح کے زخمی ہونے کے معاملے پر پہلی مرتبہ زبان کھولتے ہوئے رئیل میڈرڈ کے کپتان سرگیو راموس کے اقدام کو وحشیانہ قرار دیتے ہوئے اسے صلاح کے شدید زخمی ہونے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔اس واقعے کی وجہ سے صلاح فائنل سے باہر ہونے کے علاوہ پوری طرح فٹ نہ ہونے کے باعث ورلڈ کپ میں مصر کے لئے بھی کچھ نہیں کر پائے تھے۔ 64دن پہلے رونما ہونے اس معاملے پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کوچ کا کہنا تھا کہ راموس نے جس طرح صلاح کو گرایا وہ فٹبال کے بجائے کشتی کا منظر معلوم ہوتا تھا۔کلوپ نے ہسپانوی کھلاڑی کو بے رحم اور سنگدل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کوئی میچ جیتنا فتح نہیں کہلاتا۔ میں سمجھتا ہوں کہ جو کچھ ہوا اس کا تمام تر ذمہ دار سرگیو راموس ہے اور اس نے میچ میں ہماری شکست کے بعد مزید خراب طرز عمل کا مظاہرہ کیا جس کا کوئی جواز نہیں تھا۔ انہوں نے کہا سرگیو کی اسی حرکت کی وجہ سے روسی کھلاڑی نے بھی کہا تھا کہ راموس نے ہمیں محمدصلاح کو کھیل سے روکنے کا طریقہ سکھا دیا ہے ۔