سعودی عرب سے شائع ہونےوالے اخبار ” الریاض“ کا اداریہ نذر قارئین
مملکت میں قدرتی وسائل بے شمار ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم ہے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ نے سعود ی عرب کو بہت ساری ایسی نعمتوں سے نہال کررکھا ہے جو کسی اور ملک کو مہیا نہیں۔ ایک طرف تو سعودی عرب کی سرزمین غیر معمولی قدرتی وسائل سے معمو ر ہے۔ دوسری جانب اللہ تعالیٰ نے ارض وطن کو حرمین شریفین کیلئے منتخب کرکے ہمیں ان کی خدمت کا انمول اعزاز بخش رکھا ہے۔
سعودی قیادت ایک او رنعمت پر اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہے۔ سعودی قیادت ہمیشہ نوجوانوں کی نگہداشت ، انہیں بنانے سنوارنے کیلئے خطیر رقم صرف کرتی ہے۔ سعودی قیادت وطن عزیز کے نوجوانوں کو انمول نعمت و دولت مانتی ہے۔ یہی نوجوان وطن عزیز کی تعمیر و ترقی ، سربلندی ، امن و سلامتی اور خوشحالی کے تحفظ کے امین ہیں۔ یہ کوئی آسان مہم نہیں۔ اسے برقرار رکھنے کیلئے مسلسل جدوجہد مطلوب ہے۔ سعودی شہریوں سے متعلق گفت و شنید نئی بات نہیں۔ ہر نسل سابقہ نسل سے ذمہ داری کا پرچم وصول کرکے کاروان تعمیر و ترقی کو آگے بڑھاتی ہے۔ آج سعودی نوجوانوں سے متعلق چند سطور قلمبند کرنے کامحرک یہ ہے کہ سعودی عرب کے قائد اعلیٰ نے امریکی دریا میں گر جانے والے دو امریکی بچوں کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 2سعودی نوجوانوں کو اعزاز و اکرام سے نوازا۔ یہ دونوں سعودی نوجوان دریا میں بچوں کو گرتے دیکھ کر خود پر قابو نہ پاسکے۔ وہ طوفانی دریا میں کود گئے اور بچوں کو بچاتے بچاتے خود جان کی بازی ہار گئے۔ سعودی عرب کے قائد اعلیٰ نے ان دونوں نوجوانوں کو جو اعزاز دیا وہ ہماری قیادت کا دائمی شیوہ ہے۔ ہمارا وطن اپنے پاکباز فرزندوں کے اعزاز میں کبھی پیچھے نہیں رہتا۔ ہمارے نوجوان ہر جگہ وطن عزیز کا سر بلند کئے ہوئے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭