Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہی ضیافت میں عمرہ زائرین کا دوسرا گروپ مدینہ منورہ پہنچ گیا

پہلے مرحلے میں رومانیہ اور بلغاریہ سے 34 زائرین پہنچے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی میزبانی میں عمرہ زائرین کا دوسرا گروپ بدھ کو مدینہ منورہ پہنچ گیا۔
دوسرے گروپ کے پہلے مرحلے میں رومانیہ اور بلغاریہ سے 34 زائرین پہنچے ہیں۔ سعودی وزارت اسلامی امور پروگرام پر عملدرآمد اور اس کی نگرانی کررہی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہی ضیافت میں آنے والے عمرہ زائرین کا دوسرا گروپ 14 یورپی ملکوں کے 250 مہمانوں پر مشتمل ہے۔
ان ملکوں میں بوسنیا ہرزیگوینا، البانیہ، کوسوو، مقدونیہ، آسٹریا، سپین، مونٹی نیگرو، یونان، رومانیہ، برطانیہ، جمہوریہ چیک، نیدرلینڈ، سویڈن شامل ہیں۔
اس سال 66 ملکوں کے ایک ہزار عمرہ زائرین کی میزبانی کی جا رہی ہے، جو چار گروپوں میں سعودی عرب پہنچیں گے۔
 شاہی مہمانوں نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کا ان کی فراخدلی اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس پروگرام کو سعودی عرب کی طرف سے اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کےلیے ایک اہم قدم قرار دیا۔


عمرہ زائرین کا دوسرا گروپ 14 یورپی ملکوں کے 250 مہمانوں پر مشتمل ہے (فوٹو: ایس پی اے)

 شاہی مہمان مدینہ منورہ میں قیام کے دوران مسجد نبوی میں نمازیں ادا کریں گے اور روضہ رسول پر حاضری دیں گے۔
انہیں  مختلف تاریخی اور اہم مقامات پر لے جایا جائے گا۔ کنگ فہد قرآن کمپلکس کا بھی دورہ کرایا جائے گا۔
واضح رہے خادم حرمین شریفین عمرہ پروگرام کے تحت ہر برس مختلف ممالک سے سیکڑوں افراد کو عمرہ اور حج کی ادائیگی کے لیے شاہی مہمان کے طورپر مدعو کیا جاتا ہے۔

شیئر: