وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکیلئے ایک نام سامنے آ گیا
پشاور: عام انتخابات میں قومی اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت سازی اور اہم عہدوں کے لیے تیاریاں اور مشارت جاری ہے۔ خیبر پختونخوا سے نومنتخب رکن اسمبلی عاطف خان کا نام وزیر اعلیٰ کے طور پر آنے والے امیداوروں میں سرفہرست قرار دیا جا رہا ہے، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے حتمی اعلان جلد کردیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے سینئر رہنماﺅں کی اکثریت نے عاطف خان کے حق میں رائے دی ہے جبکہ چیئرمین عمران خان نے پرویز خٹک کو قومی اسمبلی کی نشست چھوڑنے سے روک دیا ہے اور اب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے نام کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سے متعلق بھی اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جس کے تحت اسپیکر قومی اسمبلی سندھ سے اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب سے ہوگا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے عارف علوی کا نام پہلی ترجیح پر موجود ہے جبکہ ڈپٹی اسپیکر کا نام بھی جلد طے ہوجائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان عاطف خان کو گزشتہ دور میں بھی وزیراعلیٰ بنانا چاہتے تھے تاہم پی ٹی آئی کے اتحادی پرویز خٹک کو وزیراعلیٰ دیکھناچاہتے تھے ۔