Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد حفیظ کیریئر کیلئے پر امید،عمران کو مبارک دیکر خاموشی توڑ دی

لاہور:ایسے وقت میں جب ورلڈ کپ میں ایک سال سے بھی کم وقت رہ گیا ہے آل راونڈر محمد حفیظ اپنے کیریئر کے مشکل ترین وقت کا سامنا کررہے ہیں تاہم ان کا خیال ہے کہ حکومت کی تبدیلی ان کی پریشانی کم کر سکتی ہے ۔ دورہ زمبابوے کے دوران وہ صرف2میچ کھیل سکے ون ڈے سیریز میں ہیڈ کوچ مکی آرتھرنے انہیں کوئی موقع نہیں دیا جو اب نوجوان کھلاڑیوں پر انحصار کی پالیسی پر گامزن ہے۔ وطن واپس آکر محمد حفیظ خاموش تھے لیکن عام انتخابات والے دن وہ اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ تحریک انصاف کی حمایت کرتے ہوئے دکھائی دیئے۔حفیظ کی اہلیہ پی ٹی آئی کی جھنڈے والا لباس زیب تن کیے ہوئے تھیں جب پی ٹی آئی کامیاب ہوئی تو سوشل میڈیا پر محمد حفیظ نے کھل کر اپنی رائے دی۔ سابق کپتان کا یہ طرز عمل ٹیم انتظامیہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کے لئے بھی پیغام تھا۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر ان دنوں آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں ہیں پاکستان کی سیاسی صورتحال پر ان کی بھی گہری نظر ہے۔محمد حفیظ کا کیس نئی حکومت میں پاکستانی ٹیم انتظامیہ کے لئے مسائل پیدا کرسکتا ہے تاہم محمدحفیظ کے قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ ٹیم انتظامیہ کے رو یئے سے دلبرداشتہ ہیں اور انصاف چاہتے ہیں۔دوسری جانب کرکٹ حلقوں کے خیال میں آل راﺅنڈر کے لئے واپسی کے امکانات کم ہیں میرٹ کی دعویدار نئی حکومت سلیکشن کے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی تاہم چیف سلیکٹر انضمام کوکو ئی نیا ”عہدہ “ملنا حفیظ کے لئے سہولت پیدا کر سکتا ہے ۔

شیئر: