آسام شہریت کے معاملے پر پارلیمنٹ میں تحریک التواکا نوٹس پیش
نئی دہلی ۔۔۔۔۔۔آسام شہریت معاملہ پر جاری این آر سی ڈرافٹ کو لے کر کانگریس اورترنمول کانگریس نے لوک سبھا میں تحریک التوا کا نوٹس پیش کیا ۔ کانگریس کے رہنما ادھیر رنجن چودھری نے یہ نوٹس پیش کیا۔ واضح رہے کہ آسام این آر سی کا جو ڈرافٹ(مسودہ) پیرکو جاری کیا گیا تھا اس میں 40 لاکھ سے زائد افراد کے نام شامل نہیں کئے گئےجس پر حزب اختلاف نے پارلیمنٹ میں ہنگامہ برپا کیااور 2مرتبہ کارروائی ملتوی کرنا پڑی ۔ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم اس معاملہ پر جواب دیں۔ترنمول کانگریس کی جانب سے رکن پارلیمنٹ سوگت رائے نے لوک سبھا میں تحریک التوا کا نوٹس پیش کیا اور اس پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔پارلیمنٹ کی کارروائی شروع ہونے سے قبل بی جے پی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا گیا۔ اس اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودی، امیت شاہ، لال کرشن اڈوانی، راج ناتھ سنگھ اور نتن گڈکری سمیت متعدد پارٹی ارکان پارلیمنٹ موجود رہے۔