ہاکی فیڈریشن کھلاڑیوں کو واجبات ادا کریگا
کراچی: واجبات کی عدم ادائیگی پر پاکستانی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے ایشین گیمز کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کو ڈیلی الاونس سمیت تمام واجبات ادا کرنے کا اعلان کردیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر نے کھلاڑیوں کی جانب سے بائیکاٹ کے اعلان کا نوٹس لیتے ہوئے کھلاڑیوں کو ڈیلی الاونسز اور تمام واجبات ادا کرنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ فیڈریشن کی جانب سے بھی واجب الاد ا لاونسز ادا کئے اور اب بھی کھلاڑیوں کے ڈیلی الاونس سمیت تمام مسائل حل کئے جائیں گے۔ فیڈریشن کے صدر نے کہا کہ پی ایچ ایف کیلئے منظور شدہ 20 کروڑ روپے کی گرانٹ اب تک نہیں ملی لیکن اگر گرانٹ نہیں بھی ملی تو وہ ذاتی حیثیت میں کھلاڑیوں کے واجبات ادا کریں گے۔ انہوںنے کھلاڑیوں کو یقین دلایا ہے کہ ان کے الاونسز ہر قیمت پر ایشین گیمز سے قبل ادا کردئیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین گیمز کی تیاریوں کیلئے کراچی میں لگائے جانے والے ٹریننگ کیمپ کے بعد چیف سلیکٹر اصلاح الدین نے ایشین گیمز کیلئے پاکستان کے 18رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تاہم اس اعلان کے تھوڑی ہی دیر بعد کپتان رضوان سینئر اور پوری ٹیم نے اعلان کردیا کہ جب تک کھلاڑیوں کو واجبات کی ادائیگی نہیں کی جاتی وہ ایشین گیمز میں حصہ نہیں لیں گے۔ رضوان سینئر نے دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو ڈیلی الاونس اور دیگر واجبات 6 ماہ سے ادا نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک ہمارے تمام واجبات ادا نہیں کئے جاتے اس وقت تک ہم ایشین گیمز کیلئے نہیں جائیں گے۔ان کا یہ احتجاج کارگر ثابت ہوا اور فیڈریشن نے ان کا مطالبہ تسلیم کرلیا ۔ یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو چیمپیئنز ٹرافی کے واجبات بھی نہیں ملے اور فیڈریشن کھلاڑیوں کی تقریباً2کروڑ روپے کی مقروض ہو چکی ہے۔ ایشین گیمز کیلئے اعلان کردہ پاکستانی اسکواڈ کپتان رضوان سینیئر، عمران بٹ(گول کیپر)، امجد علی، عرفان جونیئر، مبشر، فیصل قادر، راشد، عماد شکیل بٹ، تصور عباس، عمر بھٹہ، شفقت رسول، توثیق، اعجاز، ابوبکر، عتیق ارشد، علی شان، دلبر اور جنید منظور پر مشتمل ہے۔