یوپی میں شدید بارش، مرنیوالوں کی تعداد 92ہوگئی
لکھنؤ۔۔۔۔ شدید بارش کا سلسلہ مغربی یوپی سے وسطی یوپی اور پروانچل سے لیکر بندیل کھنڈ تک جاری ہے۔یہاں بارش کے باعث مرنیوالوں کی تعداد 92تک پہنچ گئی ہے۔غازی آباد علاقے میں قائم اسپتال میں پانی بھرجانے کی وجہ سے مریضوں اور تیمارداروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اسپتال کے ڈاکٹرز اور اسٹاف اور انتظامیہ کے اہلکار بھی مشکلات سے دوچار ہیں۔بہار میں بھی اسپتال ، اسکول ، کالج اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوجانے سے صورتحال سنگین ہوگئی ہے۔قنوج میں 2دنوں سے مسلسل بارش کی وجہ سے علاقے میں پانی جمع ہونے سے مکان کی دیوار منہدم ہوگئی جس میں ایک خاتون سمیت 2افراد کی موت ہوگئی۔حادثے کے بعد محلے کے لوگوں نے محکمہ آبپاشی کیخلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔کانپور میں جگہ جگہ پانی جمع ہونے سے ایمبولینس نے ضرورت مندوں کے گھروں تک آنے سے منع کردیا۔ایک خاتون کو ایمرجنسی کی صورت میں ٹھیلے پر زچہ بچہ اسپتال پہنچایا گیا۔وہیں بارش کی وجہ سے ایک 3منزلہ عمارت کی بالکنی گرنے سےمتعدد گاڑیاں ٹوٹ پھوٹ گئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔بنارس میں دریائے گنگا کی سطح آب میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ مختلف گاؤں کا رابطہ شہر سے منقطع ہوگیا۔ ساون کی جھڑی کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا۔شاملی میں دریائے جمنا میں پانی کی سطح اونچی ہوتی جارہی ہے۔ درجنوں دیہات متاثر ہوئے ہیں ۔ ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصل پانی میں بہہ جانے سے کاشتکارپریشانیوں میں مبتلا ہوگئے ہیں۔پورا علاقہ جھیل میں تبدیل ہوجانے سے مویشیوں کیلئے چارے کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔یوپی کے ضلع گونڈا میں گھاگھرا ندی میں طغیانی آگئی ہے اور وہ خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ندی کے کنارے آباد گاؤں کے لوگوں کو امدادی ٹیموں نے محفوظ مقامات پرمنتقل کرنے کی کارروائی شروع کردی۔ضلع ہردوئی میں شدید بارش کی وجہ سیلابی ریلے میں سڑک پر قائم پلیا بہہ گئی جس سے لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔