Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی ٹوئنٹی:ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو ہرادیا

سینٹ کٹس: کیسرک ولیمز کی شاندار بولنگ اور آندرے رسل کی عمدہ بیٹنگ کی مدد سے ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 3 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے تاہم میچ بارش کے باعث متاثر ہوا جس کے بعد  ڈک ورتھ لوئس قانون کے مطابق ویسٹ انڈیز کو فتح کیلئے11اوورز میں 91 رنز کا ہدف ملا ۔ ویسٹ انڈین نے 9.1 اوورز میں3 وکٹوں کے نقصان پر93رنز بناتے ہوئے میچ جیت لیا۔ بہترین بیٹنگ پر آندرے رسل کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیاگیا۔انہوں نے 21گیندوں پر 3چھکوں اور3 چوکوں کے ساتھ 35رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے ۔ رومین پاول نے شکیب الحسن کی گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی۔پاول نے 9گیندوں پر 2چھکوں کی مدد سے15رنز بنائے۔ مارلن سیموئلز نے 13گیندوں پر26رنز بنا ئے۔ بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان نے2اور روبل حسین نے ایک وکٹ لی۔ اس سے پہلے بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کی دعوت پر بیٹنگ کرتے ہوئے 9وکٹوں پر143رنز بنائے ۔5رنز پر 2وکٹیں گرنے کے بعد لٹن داس، کپتان شکیب الحسن ،مشفق الرحیم اور محمود اللہ نے ویسٹ انڈین بولرز کا مقابلہ کرتے ہوئے اسکور کو مقابلے کے لائق بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ محمود اللہ35رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ لٹن داس نے24، شکیب الحسن نے19،مشفق اور عارف نے15،15رنز اسکور کئے ۔کیسرک ولیمز نے بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن کو بڑے اسکور سے روکنے میں بنیادی کردار ادا کیا اور 28رنز دے کر4وکٹیں لیں، 2کھلاڑیوں کو کیم پال نے پویلین بھیجا۔اس فتح سے میزبان ٹیم نے سیریز میں 0-1کی برتری حاصل کرلی ہے ۔

شیئر: