سرمایہ کاروں کو 26ارب ریال کا نقصان، کاروباری مالیت میں 16.5فیصداضافہ
غیاث الدین ۔ جدہ
بین الاقوامی مارکیٹوں میں خام تیل کی قیمت گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 2.3فیصد کمی کے بعد 67.66ڈالر فی بیرل تک جاتے ہوئے دیکھی گئی۔ جس کو تشویش کی نظروں سے دیکھا گیا۔ اس سے بین الاقوامی اسٹاک مارکیٹیں بھی متاثر ہوئیں اور سعودی اسٹاک مارکیٹ میں بھی مندی دیکھی گئی۔ تداول آل شیئر انڈیکس 139پوائنٹس کے مدوجزر کے بعد 114.16پوائنٹس کی کمی کے بعد 8253.54 پوائنٹس پر بند ہوا۔ فروخت کے دباﺅ کے نتیجے میں سارے اشاریئے مثبت زون پر چلے گئے۔ سودوں اور حجم میں بالترتیب 7.5فیصد اور 11.1فیصد کا اضافہ نوٹ کیا گیا جبکہ کاروباری مالیت 16.5فیصد اضافے کے بعد 18ارب ریال پر پہنچ گئی ۔ قیمتیں گرنے سے سرمایہ کاروں کو 26ارب ریال کا نقصان ہوا۔ انفرادی کمپنیوں میں اکساءانشورنس کو فوقیت حاصل رہی جس کی قیمت 15.68فیصد کے گرانقدر اضافے کے بعد22.58ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ الراجحی تکافل کی قدر 11.46فیصد فروغ کے بعد 57.40ریال تک پہنچ گئی۔ میٹیریلز سیکٹر میں شامل کیمینول کو بھی اہمیت حاصل رہی۔ نقصان اٹھانے والی کمپنیوں میں دلہ ہیلتھ ٹاپ پر رہی جبکہ وفا ءانشورنس کی قدر 15.26فیصد انحطاط کے بعد 11.42ریال پر بند ہوئی۔ ہیوی ویٹ سابک بھی منفی زون پر بند ہوئی جسکی قیمت 0.92فیصد گر گئی۔ الراجحی بینک کی قیمت بھی 2.35فیصد کمی کے بعد 87.20ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ ڈیویڈنڈ کا اعلان کرنے والی کمپنیوں میںھرفی فوڈ شامل ہے جس نے 10فیصد کیش ڈیویڈنڈکا اعلان کیا اور اس کی قیمت 0.70فیصد اضافے کے بعد 44.85ریال پر پہنچ گئی جبکہ نیشنل کمرشل بینک نے بھی 10فیصد ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا اور اسکی قیمت0.75فیصد گر گئی۔