چنئی یونیورسٹی میں رشوت دیکر امتحانی مارکس بڑھوانے کا فراڈ
چنئی .... چنئی یونیورسٹی میں رشوت دیکر امتحانی نتائج میں مارکس بڑھوانے کا ایک اور واقعہ بے نقاب ہوا ہے۔ دوبارہ کاپی چیک کرنے پر ایک طالب علم کو جسے صرف 5 مارکس ملے تھے ، بڑھا کر 77کردیئے گئے۔ اگرچہ یہ سارا معاملہ قانونی لگتا ہے مگر اس میں قواعد و ضوابط میں خامیوں کا سہارا لیا گیا ہے۔ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب اینٹی کرپشن ڈائریکٹریٹ نے سابق کنٹرولر امتحانات جی وی اوما اور دیگر 9افراد کو امتحانی پیپرز میں نمبر بڑھانے کے معاملے میں گرفتار کیا تھا اور انکے خلاف شواہد اکٹھا کررہی تھی۔ خیال ہے کہ ہزاروں طلباءنے رشوت دیکر اپنے نمبر بڑھوائے تھے۔ایک طالبعلم کے اصل مارکس 5 آئے تھے۔ پہلی مرتبہ ری چیک کرنے پر اس کے نمبر 45 کردیئے گئے جبکہ دوبارہ امتحانی کاپیاں چیک کروائی گئیں تو نمبر 77کردیئے گئے۔