اپوزیشن آج ریلی میں طاقت کا مظاہرہ کریگی
نئی دہلی... مظفر پور شیلٹر ہوم کیس کے سلسلے میں اپوزیشن جنتر منتر پر آج شام احتجاج میں اپنی قوت کا مظاہرہ کریگی۔ خیال ہے کہ کانگریس کے صدر راہول گاندھی اور وزیراعلیٰ دہلی اروند کیجریوال بھی شریک ہونگے۔ راشٹریہ جنتا دل(آر جے ڈی) نے دہلی میں اس احتجاج کا اہتمام کیا ہے۔ بہار اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو نے عوام پر زور دیا کہ وہ بڑی تعداد میں شریک ہوں۔اس احتجاج کے نتیجے میں اپوزیشن کو این ڈی اے کے خلاف اپنے اتحاد کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملے گا۔ وزیراعلیٰ دہلی اروند کیجریوال نے دہلی والوں پر زور دیا کہ وہ شام 5بجے اس احتجاج میں شریک ہوں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مظفر پور شیلٹر ہوم میں متعدد خواتین سے زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔