مہاراشٹر کے 17لاکھ ملازمین کی ہڑتال
ممبئی۔۔۔۔۔مہاراشٹر حکومت کے خلاف تقریباً17لاکھ ملازمین نے ساتویں تنخواہ کمیشن کی رپورٹ نافذ کرنے سمیت مختلف مطالبات پر زور دینے کیلئے 3روزہ ہڑتال شروع کردی۔ مہاراشٹر میں اسٹیٹ ایمپلائزیونین کے جنرل سیکریٹری اویناش ووند نے دعویٰ کیا کہ تیسرے و چوتھے گریڈ کے سرکاری ملازمین کے ہڑتال میں شامل ہونے کے باعث سرکاری اسپتالوں سمیت مختلف محکموں میں اہم امور ٹھپ ہوکر رہ گئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاستی حکومت طویل عرصے سے زیر التوا مطالبات تسلیم کرنے کے بجائے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔ہڑتال کی کال دینے والی تنظیم کے سربراہ ملند سردیش مکھ نے بتایا کہ ضلعی صدور، ٹیچرز اور سرکاری محکموں سمیت دیگر اداروں کے تقریباً17لاکھ ملازمین اس ہڑتال میں شامل ہیں۔ ملند نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے چھٹے تنخواہ کمیشن کے نفاذ کے بعد ملازمین کو ابھی تک بقایہ جات ادا نہیں کئے ۔