بیمار سرکاری ادارے جو سرکاری کاغذات میں بیمار ہیں مگر اصل میں یہ تندرست اور توانا ہیں بس ان اداروں کو ایماندار قیادت کی ضرورت ہے
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گزشتہ دنوں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو اپنے انتخابی اخراجات کے اکاﺅنٹ جمع کرانے کیلئے کہا ہے۔ اسی کے ساتھ عمران خان کو نیب نے ہیلی کاپٹر کے استعمال اوردیگر معاملات میں طلب کیا ہے۔امید ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین ان معاملات سے جلد فراغت پالیں گے ۔عمران خان کو ان معاملات میں ابھی سے تھک کر نہیں بیٹھ جانا چاہئے بلکہ کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل کو ذہن میں رکھ کر حکمت عملی اپنانا ہوگی تب ہی وہ قوم کے اعتماد کی ٹرافی حاصل کرپائیںگے۔ ابھی تو انکا نیا سفر شروع ہوا ہے ۔ آگے اس سے بڑے مسائل کا سامنا انہیں کرنا ہوگا جن میں سرفہرست ملک کے بیمار سرکاری ادارے ہیں جو سرکاری کاغذات میں بیمار ہیں مگر اصل میں یہ تندرست اور توانا ہیں بس ان اداروں کو ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جس کا انتظام ہوتے ہی یہ ادارے دن دگنی رات چوگنی ترقی کرنے لگیں گے ۔ ان اداروں کو ماضی میں بیمار دکھا کر اونے پونے داموں اپنے رفقاءکو فروخت کرنے کی کوشش کی گئی جو ناکامی کا شکار ہوئی۔
ہم نے اپنے ایک کالم میں کہا تھا کہ عمران خان کیلئے وزارت عظمیٰ پھولوں کی سیج نہیں بلکہ کیلوں کی سیج ہے کیونکہ ماضی کی حکومتوں نے اس ملک میں اتنے کانٹے مختلف حوالوں سے بوئے ہیں کہ وہ اب تناور درخت بن چکے ہیںلیکن امید ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین ان کیل کانٹوں اور درختوں کو اپنی قابلیت، فراست اور ایمانداری اور رحمدل دوستوں کی مدد سے کاٹ دیں گے اور ملک میں نئی دوستی اور اعتماد کی فضا پیدا ہوگی جہاں ہر کوئی چین و سکون سے رہیگا، بے روزگاری نہیں ہوگی ۔ امیر و غریب یکساں قوانین کے تحت فوائد حاصل کرسکیں گے۔ قانون کا پوری طرح سے احترام ہوگا کیونکہ یہی تو عمران خان کا نیا پاکستان ہے جس کیلئے انہوں نے گزشتہ 2عشروں سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور آج انکی قربانی رنگ لانے کا وقت آچکا ہے۔