بہار : 3بڑے اسپتالوں کے ڈاکٹروں کی ہڑتال
پٹنہ۔۔۔۔نالندہ میڈیکل کالج اسپتال میں مریضوں کے مسئلے پرلواحقین کی جانب سے اکثروبیشتر ہنگامے ہوا کرتے ہیں ۔ایک مریض کو ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردیدیاجس پر مریض کے اہل خانہ بضد ہوگئے کہ وہ مریض کو علاج کے ذریعے زندہ کریں۔ معاملہ اس وقت بگڑگیا جب مریض کے گھروالے غنڈہ گردی پر اتر آئے اور اسپتال کے جونیئرڈاکٹروں سے مارپیٹ اور ان پر فائرنگ کی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس موقع پر پہنچ کر حالات قابو کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ بدسلوکی سے تنگ آکر ڈاکٹروں نے ہڑتال کردی۔ڈاکٹروں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ غیر سماجی عناصر کو 24گھنٹے کے اندر گرفتار کرکے ان کے خلا ف کارروائی کی جائے۔ اگر ایسا نہیں ہوا تو اس کے خلاف این ایم سی ایچ، پی ایم سی ایچ اور ڈی ایم سی ایچ کے ڈاکٹرز بھی ہڑتال پر چلے جائیں گے۔پی ایم سی ایچ اور ڈی ایم سی ایچ کے جونیئرڈاکٹروں نے بھی پی ایم سی ایچ اور ڈی ایم سی ایچ میں ایمرجنسی اور او پی ڈی شعبوں میں علاج و معالجہ کا کام نہ کرنے کا اعلان کردیا۔پی ایم سی ایچ میں جے ڈی اے صدر ڈاکٹر ونے کمار نے قصورواروں کو گرفتار اور میڈیکل پروٹیکشن ایکٹ کے نفاذ کا مطالبہ کیا ۔ڈاکٹروں کی ہڑتال سے ریاست میں صحت انتظامات بری طرح متاثر ہوگئے اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔