Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تجارتی وزٹ ویزوں پر حج و عمرہ ممنوع ہے، محکمہ پاسپورٹ

طائف..... سعودی محکمہ پاسپورٹ او روزارت محنت و سماجی بہبود نے واضح کیا ہے کہ تجارتی وزٹ ویزوں پر آنے والوں کو حج اورعمرے کی اجازت نہیں ہوتی۔ اس حوالے سے باقاعدہ آگاہ کردیا جاتا ہے۔ اتنا ہی نہیں بلکہ تجارتی وزٹ ویزہ حاصل کرنے والوں سے باقاعدہ اقرار نامہ لیا جاتا ہے جس میں وہ اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ جس مقصد کیلئے وہ سعودی عرب کا سفر کررہے ہیں اس کی پابندی کریں گے اور وہ مقصد پورا ہوتے ہی وطن واپس ہوجائیںگے۔ حج یا عمرے کیلئے مقامات حج وعمرہ کا رخ نہیں کرینگے۔ انہیں اس امر سے بھی آگاہ کردیا جاتا ہے کہ وہ جب تک مملکت میں ہونگے ان پر نظر رکھی جائیگی۔سعودی حکومت نے متعلقہ اداروں کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو تجارتی وزٹ ویزوںمیں کھلواڑ اور سنگین خلاف ورزیوں کی بابت تحقیقات کریگی۔ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ اگر تجارتی وزٹ ویزے پر آنے والا ویزے کی شرائط کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا جائیگا تو وزٹ ویزہ جاری کرانے والے کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑیگا۔ بعض غیر ملکی فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے نجی اداروں و کمپنیوں کے تعاون سے تجارتی وزٹ ویزے جاری کراتے ہیں۔ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہی سخت فیصلہ کیا گیا ہے۔دریں اثناءسعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ حج موسم کے د وران تجارتی وزٹ ویزوں کے حوالے سے سنگین خلاف ورزیاں سامنے آگئی ہیں۔ سعودی قانون کے بموجب تجارتی وزٹ ویزا حاصل کرنے والے کو یہ اقرار نامہ جمع کرانا پڑتا ہے کہ وہ مبینہ غرض پوری کرتے ہی سعودی عرب سے واپس چلا جائیگا اور تجارتی وزٹ ویزے کا فائدہ اٹھا کر عمرہ یا حج کی کوشش نہیں کریگا۔ خلاف ورزی پر سزا کا مستحق ہوگا۔متعدد اداروں کی نمائندہ کمیٹی نے تجارتی وزٹ ویزوں کی خلاف ورزیوں کے ریکارڈ کو دیکھ کر سفارش کی ہے کہ سعودی ایوانہائے صنعت و تجارت کونسل ہر تاجر کی سجل تجاری کے حوالے سے ضروری ، قانونی کارروائی کرے اور مذکورہ خلاف ورزی کے سدباب کیلئے اقدامات کرے۔
 

شیئر: