Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آم کی پیداوار میں پاکستان دنیا میں 5 ویں نمبر پر ہے ، شہریار اکبر خان

سالانہ 1.8 ملین ٹن آم کاشت کیاجاتا ہے ، دنیا بھر میں پاکستانی آم بہترین ذائقے کے لئے مشہور ہیں ، قونصل جنرل کامینگو فیسٹول سے خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی) پاکستان قونصلیٹ کے تحت جشن آزادی کے سلسلے میں منعقدہ آم فیسٹول سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل شہریاراکبر خان نے کہا پاکستان میں آم کی سالانہ پیداور 1.8 ملین ٹن ہے ۔ بہترین اقسام کے آم پیدا کرنے والے ممالک میں پاکستان کا شمار 5 ویں نمبر پر ہوتا ہے ۔انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پاکستانی آم دنیا بھر میں اپنے ذائقے اور معیار کے اعتبار سے مثالی مانے جاتے ہیں ۔ 110 سے زائد آموں کی اقسام کاشت کی جاتی ہیں جن میں سندھڑی، انور رٹول، لنگڑا، مالدا، دسہری، فجری، چونسہ اپنے ذائقے اور معیار کے اعتبار سے سب سے زیادہ مقبول ہیں ۔منعقدہ آم میلے کے حوالے سے قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ فیسٹول کے انعقاد سے سعودی عرب میں آم کی درآمد کو فروغ دینے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ قونصلیٹ کے کمرشل سیکشن کی ذمہ داریوں میں پاکستانی اشیاء اور مصنوعات کو سعودی عرب میں فروغ دینا شامل ہے جسے وہ بخوبی ادا کررہے ہیں ۔ مینگو فیسٹول کے حوالے سے قونصل جنرل نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ ملتا ہے ۔ آم نمائش کا مقصد سعودی عرب میں پاکستانی آم کو وسیع پیمانے پرروشناس کروانا اور مارکیٹ میں پاکستانی آم کی کھپت بڑھانا ہے۔ فیسٹیول کا افتتاح جدہ کے ایوان صنعت و تجارت کے ڈپٹی چیئرمین ماذن بترجی، وائس چیئرمین جدہ چیمبر زید باسام ، ایوان صنعت و تجارت کے فوڈ کمیٹی کے سربراہ مسٹر نائف الشریف، سعودی وزارت تجارت کے ڈائریکٹر صالح نصر الشمرانی، مینول گروپ کے سی ای او عبدالرازق درویش ، بن داﺅد گروپ کے سراج السربینی، الرایہ گروپ کے علی موئذ اور پاکستان کے قونصل جنرل شہر یار اکبر خان نے مشترکہ طور پر کیا۔تقریب کے آغاز میں کیک کاٹا گیا جس میں مہمانوں اور قونصل جنرلز نے شرکت کی۔ الرایہ گروپ کے سی ای او علی موئذ نے تقریب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رومی فوڈز کے ساتھ ان کی شراکت داری دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کےلئے اہم کردار ادا کرے گی۔ انجنینئر سلیم نے بتایا کہ سعودی مارکیٹ میں پاکستانی ہمالیہ نمک کیلئے بڑی مارکیٹ ہے، اور انکی کمپنی عنقریب اس برانڈ کو سعودی عرب میں متعارف کروائے گی۔حاضرین میں سعودی عرب کے کاروباری حلقے، کھانے اور مشروبات کی صنعت، پھل درآمد کنندگان ، سفارتکار اور میڈیا نمائندے شامل تھے۔ کمرشل قونصلر شہزاد احمد خان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مشترکہ ثقافت اور روایات کا قدیم رشتہ ہے اور یہی رشتہ ، ایک دوسرے کے ساتھ باہمی تجارت میں آسانیاں فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ مملکت میں پاکستانی مصنوعات کی برآمد میں اضافہ کےلئے جامع منصوبہ بندی پر کام کیاجارہا ہے جس کے بہترین نتائج جلد سامنے آئیں گے ۔

شیئر: