Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کامران اکمل کو ایوارڈ، مذاق بن گیا

 
  لاہور: کامران اکمل کیلئے ایوارڈ تقریب میں بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ مذاق بن گیا۔کامران اکمل اپنے کیریئر کے دوران کئی حیران کن کیچز ڈراپ کرنے کے حوالے سے منفی شہرت رکھتے ہیں۔اپریل 2017میں پاکستان کی جانب سے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والے کرکٹر کی مصروفیات میں ڈومیسٹک اور پی ایس ایل کے مقابلے شامل ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کے ڈراپ کیچز کی کئی ویڈیوز انٹرنیٹ پر موجود ہیں۔کراچی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل فائنل میں انھوں نے ایک ایسا کیچ چھوڑا کہ پشاور زلمی ٹیم ٹائٹل سے ہی ہاتھ دھوبیٹھی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کو 33گیندوں پر 30رنز درکار تھے کہ کامران اکمل نے آصف علی کو نئی زندگی دے کر جیتی بازی ہار میں پلٹ دی۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل کو بھی پاکستان کا ڈومیسٹک ایونٹ ہی شمار کیا جاتا ہے۔اس کارکردگی کی پروا نہ کرتے ہوئے کامران اکمل کو ڈومیسٹک کرکٹ کا بہترین وکٹ کیپر قرار دیتے ہوئے ان کی غیر حاضری میں امام الحق کو ایوارڈ وصول کرنے کیلئے بلایا گیا تو سوشل میڈیا پر مذاق اڑایا جانے لگا۔چند شائقین کا کہنا تھا کہ یہ غیر سنجیدہ فیصلہ ہے،لگتا ہے غلطی سے ایسا ہوگیا،کامران اکمل کو بہترین وکٹ کیپر قرار دینے سے ڈومیسٹک کرکٹ میں کیپنگ کے معیار کی قلعی کھل گئی۔ شائد ایوارڈ کا فیصلہ کرنے والوں کو یو ٹیوب پر وکٹ کیپر کے سینکڑوں ڈراپ کیچز دیکھنے کا موقع نہیں ملا۔ 

شیئر: