دبئی میں مسافروں کے پاسپورٹ پر ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 کی خصوصی مہر
سمٹ کا آغاز مستقبل کی حکومتوں کی تشکیل کے عنوان سے ہوا ہے ( فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کے تحت دبئی آنے والے مسافروں اور وزیٹرز کے پاسپورٹس پر ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 کی خصوصی مہر لگا رہی ہے۔
امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق دبئی ایئرپورٹ اور بندرگاہ پر آنے والے تمام مسافروں کا خیرمقدم کیا جارہا ہے۔
سمٹ کا آغاز مستقبل کی حکومتوں کی تشکیل کے عنوان سے 10 فروری سے ہوا ہے اور یہ 14 فروری تک جاری رہے گی۔
سمٹ میں 30 سے زیادہ سربراہان مملکت، 140 حکومتی وفود اور 80 سے زیادہ بین الاقوامی و علاقائی تنظیمیں شریک ہیں۔
اس دوران 30 سے زائد وزارتی اجلاس اور گول میز مذاکرات میں 400 سے زائد وزرا شرکت کررہے ہیں۔
یہ سمٹ دنیا بھر سے پالیسی سازوں، ماہرین، اور فیصلہ سازوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کررہی ہے۔