چیئرمین پی سی بی: احسان مانی IN،نجم سیٹھیOUT
اسلام آباد: چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔ وزیراعظم عمران خان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق صدر احسان مانی کو نیا چیئرمین پی سی بی مقرر کردیا ۔عمران خان نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ احسان مانی کو نیا چیئرمین پی سی بی تعینات کردیا ، اپنے ساتھ وسیع اور قیمتی تجربہ لائیں گے، آئی سی سی میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ 3 سال تک آئی سی سی میں خزانچی رہے پھر 3سال تک آئی سی سی کی سربراہی کی۔ نجم سیٹھی نے وزیراعظم سیکریٹریٹ کو ارسال کئے گئے استعفے میں کہا گیا کہ مجھے 2014ءمیں اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے تعینات کیا تھا جہاں تک ہوسکا کرپشن کی بہتری کیلئے اقدامات کئے۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کرکٹ کا حامی و ناصر ہو۔ پی سی بی اور قومی کرکٹ ٹیم کیلئے نیک تمنائیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استعفیٰ دینے کیلئے وزیراعظم کے حلف لینے کا انتظار کررہا تھا۔ اگست 2017 ءمیں بورڈ آف گورنرز کے10 اراکین نے 3سال کےلئے چیئرمین پی سی بی منتخب کیا تھا۔انہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ متعدد مواقع پر کہہ چکے ہیں پاکستان کرکٹ کیلئے آپ کا ایک مقصد ہے۔ یہ بہتر ہو گا کہ آپ یہ عہدہ سنبھالیں اور ایسی مینجمنٹ کو یہ ذمہ داری سونپیں جسے آپ کا مکمل اعتماد اور بھروسہ حاصل ہو۔ پاکستان کرکٹ کے وسیع تر مفاد کے آپ کے مقاصد کو تکمیل تک پہنچانے کےلئے چیئرمین پی سی بی اور بورڈ آف گورنر کے رکن کی حیثیت سے مستعفی ہوتا ہوں۔