نجم سیٹھی استعفیٰ د یدینگے ، احسان مانی دوسرا انتخاب
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے عہدہ چھوڑنے کا عندیہ دیدیا ہے۔ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان 18اگست کو وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے اسی وقت وہ بطور چیئرمین پی سی بی اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے اور اپنے استعفے کیساتھ کرکٹ کی بہتری کیلئے کئے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کریں گے۔دوسری جانب چیئرمین پی سی بی کیلئے آئی سی سی کے سابق چیف احسان مانی نیا انتخاب ہوسکتے ہیں۔پاکستان میں حکومت کے ساتھ کھیلوں کی تنظیموں میں بھی اکھاڑ پچھاڑ کوئی نئی بات نہیں،چیئرمین کرکٹ بورڈ تو ایک ایسا عہدہ ہے جس کیلئے ماضی میں کئی سیاسی پارٹیوں کے رہنما اپنی وزارتیں چھوڑنے کو تیار نظر آئے۔نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اگر عمران خان ان کی کارکردگی سے مطمئن ہو کر دوبارہ چیئرمین شپ برقرار رکھنے کی پیشکش کریں گے تو وہ اسے قبول کرسکتے ہیں ۔ نجم سیٹھی کو عہدے سے ہٹائے جانے کی بازگشت گزشتہ چند دنوں سے سنائی دے رہی ہے۔ان حالات کا خود نجم سیٹھی کو بھی اندازہ ہے اور وہ چند روز میں کسی فیصلے اور ٹی وی پروگرام میں مصروف ہونے کا اشارہ دے چکے ہیں۔ ان کا خلا پر کرنے کیلئے امیدواروں کی بھی کوئی کمی نہیں مگر احسان مانی اس دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔ اگرچہ وہ دہری شہریت کے حامل ہیں لیکن یہ چیزان کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔دہری شہریت کے قانون کا اطلاق کرکٹ بورڈ کے معاملے میں نہیں ہوتا۔ ان حالات میں کرکٹ کا وسیع تجربہ اور شفاف ماضی رکھنے والے احسان مانی کا راستہ صاف نظر آرہا ہے۔