نئے پاکستان کیلئے مشرف کی ٹیم ؟
اسلام آباد... سابق وفاقی وزیر داخلہ اور ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہاہے کہ تحریک انصاف حکومت کی بنیاد دھاندلی پر رکھی گئی ۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے ایک بلدیاتی ادارہ تک نہیں چلا یا ۔عمران خان نے نئے پاکستان کے لئے مشرف کی ٹیم کا نتخاب کیا ہے۔ کابینہ کے بیشتر ارکان مشرف کے ساتھ رہے ہیں۔ کابینہ دیکھ کر لگا نئے پاکستان کے دھوکے میں ہم مشرف کے قدیم پاکستان میں پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بجلی بحران کے خاتمے کے لئے کوئی ٹھوس روڈ میپ نہیں بنایا۔ عمران خان نے اپنے تقریر میں ملک کے اہم مسائل کو نظر انداز کیا ۔سی پیک کو نظر انداز کرنا بہت سے وسوسوں کو جنم لے رہا ہے۔ عمران خان کوچاہئے تھا کہ میگا پراجیکٹ کو وقت پر مکمل کرنے کا اعلان کرتے۔انہوں نے کہا کہ ثابت ہو گیاکہ یہ حکومت انتقام کے طور پر بنائی گئی ہے ۔موجودہ حکومت نواز شریف کی مخالفت میں بنائی گئی۔ عمران خان کی کابینہ نے پہلے ہی اجلاس میں نواز شریف اور مریم نواز کے نام ای سی ایل میں شامل کئے ۔عمران خان کے نزدیک سب سے بڑے مجرم نواز شریف اوراس کی بیٹی ہے۔