کیلیفورنیا .... ماہرین فلکیات نے چند ماہرین طبعیات کے اشتراک سے تحقیق کے بعد یہ اعلان کیا ہے کہ انہیں زمانہ قدیم کے ایک اور آسیبی بلیک ہول کا سراغ ملا ہے۔ جو تشکیل کائنات کا سبب بننے والے بڑے دھماکے بگ بینگ سے پہلے ہی معدوم ہوچکا تھا۔سائنسدانوں کا کہناہے کہ یہ آسیبی بلیک ہول خود ہی ایسی کیفیات اور حالات پیدا کرتے ہیں جن کے نتیجے میں بگ بینگ جیسے واقعات پیش آتے ہیں اور ایک نئی کائنات وجودمیں آتی ہے۔ یہ وہ نظریہ ہے جسے ماہرین فلکیات سی سی سی یا کنفارمل، سائیکلک کوسمولوجی کا نام دیتے ہیں۔ اگر اس تحقیقی رپورٹ پر اعتبار کرلیا جائے تو ہمیں یہ بھی ماننا پڑیگا کہ ہم جس کائنات میں رہ رہے ہیں وہ اصلی حقیقی اور واحد کائنات نہیں ہے اس سے پہلے بھی کئی دنیائیں موجود تھیں۔رپورٹ کی تیاری میں آکسفورڈ کے ریاضی کے پروفیسر سے تعلق رکھنے والے ماہر طبیعات اور مشہور ریاضی داں راجر پینروز اسٹیٹ یونیورسٹی آف نیویارک کے ریاضی داں ڈینیئل این اور وارسا یونیورسٹی کے پروفیسر برائے نظری طبیعات کرسٹوف میسنر کی تحقیقات کو شامل کرلیا گیا ہے او راب حال ہی میں اسے فلکیات کے بین الاقوامی جریدے نے ا پنے شمارے میں نمایاں طور پر شائع کیا ہے۔