Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج موسم کامیابی پر اختتام پذیر

 پیر27اگست 2017ءکو سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ” البلاد” کا اداریہ
  امسال حج موسم تمام ہوا۔ شاندار مکمل کامیابی کے ساتھ حج موسم کا باب بند ہوگیا۔1440ھ کے حج موسم کی تیاریاں، اجلاس اور ورکشاپس کا سلسلہ ہر برس کی طرح امسال بھی شروع کردیا گیا۔
حج مکمل ہوگیا۔ ضیوف الرحمن کے وفود جس طرح پے درپے ارض مقدس پہنچے تھے اسی طرح واپس ہونے لگے۔ جانے والے خادم حرمین شریفین ، ولی عہد اور سعودی عوام کو دعاﺅں کی سوغات دیکر رخصت ہورہے ہیں۔ دعا گو کہہ رہے ہیں کہ آپ لوگوں نے ضیافت کا حق ادا کردیا۔ اسلامی تعلیمات پر عمل کرکے حج شعائر کی ادائیگی کو آسان بنانے کی شاندار مثال قائم کردی۔ لاکھوں ضیوف الرحمن کے امن و امان کو یقینی بنائے رکھنے کیلئے سیکیورٹی اہلکاروں نے شاندار قربانیوں کا مظاہرہ کیا۔
سالانہ عالمی حج اجتماع کو پوری دنیا نے حیرت سے دیکھا۔ سیاستدانوں اور صحافیوں نے حج انتظامات کی کامیابی کا کھلے دل سے اعتراف کیا۔ گورنر مکہ مکرمہ و سربراہ مرکزی حج کمیٹی خالد الفیصل نے ضیوف الرحمن کے لئے جو جملہ استعمال کیا تھا کہ ”آپ ہمیں اپنی خدمت کا موقع دیجئے“، ضرب المثل کی شکل اختیار کر گیا۔ اسے دنیا بھر کے رمز شناسوں نے اسلامی اخلاق کا عنوان اور سعودی عرب کے طریقہ کار کی علامت قرار دیا۔ 
حج موسم کی کامیابی نے پوری دنیا کو یہ جتا دیا کہ سعودی عرب، اسکے قائدین اور عوام حرمین شریفین کی زیارت ، حج اور عمرے کیلئے آنے والوں کی خدمت عبادت کے جذبے سے کرتے ہیں۔ اسی لئے وہ تمام ریاستی وسائل ضیوف الرحمن کی خدمت کیلئے وقف کئے ہوئے ہیں۔ کھانے پینے کی اشیاءکی وافر مقدار میں فراہمی ہو یا آمد ورفت کے شاندار وسائل کا اہتمام ہو، یا امن و امان کا ماحول ہو، بیماروں کے امراض کے علاج کیلئے غیر معمولی سہولتیں ہوں یا ضیوف الرحمن کو متعدد اور وبائی امراض سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر ہوں ہر شعبے کے عہدیداروں اور اہلکاروں نے ہر لحاظ سے ضیوف الرحمن کے دل جیتنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ اسی لئے اب وہ ضیوف الرحمن سے دعاﺅ ںکے انمول تحفے وصول کررہے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭ 
 
 

شیئر: