سابق وزیر اعلیٰ این ٹی راماراؤ کے بیٹےکی سڑک حادثے میں موت
حیدرآباد۔۔۔۔تلگو کے ممتازرہنما آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ این ٹی راما راؤ کے چوتھے بیٹے اور تلگو دیشم پارٹی کے سابق رکن پارلیمنٹ نندمڑی ہری کرشن آج صبح ضلع نلگنڈہ میں حیدرآباد ، وجے واڑہ شاہراہ پر سڑک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔نلگنڈہ پولیس کے مطابق 61سالہ ہری کرشن تیز رفتار ڈرائیونگ کررہے تھے کہ اناپرتھی گاؤں کے قریب گاڑی بے قابو ہوکر روڈ ڈیوائڈر سے ٹکراتے ہوئے دوسری جانب ایک کارسے متصادم ہوگئی جس سے کار بری طرح تباہ ہوگئی۔ اطلاع ملتے ہی ٹی ڈی پی رہنما نے زخمی حالت میں انہیں کامنی سپر اسپیشلسٹ اسپتال میں داخل کرایا ۔سر میں شدید چوٹ لگنے کی وجہ سے علاج کے دوران دم توڑ گئے۔ان کے اہل خانہ نے بتایا کہ ہری کرشن نیلور جانے کیلئے صبح ساڑھے 4بجے گھر سے نکلے تھے ۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش چندرابابو نائیڈو اپنے بیٹے لوکیش کے ہمراہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال پہنچے۔