پنجاب میں بلدیاتی نظام تبدیل اور قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کی جائے،عمران خان
لاہور۔۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی نظام کو فوری تبدیل کیا جائے جبکہ اورنج لائن منصوبے کا آڈٹ کرایا جائے۔ پنجاب میں بدعنوانی کا خاتمہ سب سے بڑا چیلنج ہے۔پنجاب حکومت کی کارکردگی دوسرے صوبوں کے لیے قابل تقلید ہونی چاہیے۔پنجاب کابینہ کے ارکان بدعنوانیوں کی نشاندہی کو اپنی پہلی ترجیح بنائیں۔ ارکان بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ہمیں اپنے اخراجات معقول رکھتے ہوئے انسانی ترقی پر سرمایہ کاری کرنی ہے، پاکستان کا خطے میں سب سے کم ہیومن ڈیولپمنٹ انڈیکس ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پنجاب کابینہ کے ارکان سے ملاقات کی اور اس موقع پر کہا کہ پنجاب میں بدعنوانی کا خاتمہ سب سے بڑا چیلنج ہے۔عمران خان نے پنجاب کابینہ کے ارکان سے ملاقات میںکہا کہ پنجاب کابینہ کے ارکان بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پنجاب میں زمینوں پر قبضے اور تجاوزات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ زمینوں پر قبضے اور تجاوزات میں مافیاز اور بڑے گروپس ملوث ہیں، زمینوں پر قبضے اور تجاوزات کرنے والے مافیاز اور بڑے گروپوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہدایت کی کہ پنجاب میں تجاوزات کے خلاف فوری مہم شروع کی جائے، پنجاب میں زمینوں پرقبضے کرنیوالوں کے خلاف بھی فوری کارروائی کی جائے، تجاوزات کے خلاف کارروائی میں صوبائی حکومت کی بھرپور مدد کی جائے گی۔