بریلی اسپتال میں 27افراد کی پر اسرار موت
بریلی۔۔۔۔بریلی میں پر اسرار بخار سے27افراد کی موت کا واقعہ پیش آنے کے بعد اسپتال اور انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی۔ موت کی اطلاع ِکے بعد ریاستی وزیر خزانہ راجیش اگروال اچانک اسپتال پہنچے جہاں مریضوں کی حالت دیکھ کران کا پارہ چڑھ گیا۔مریضوں نے ان سے شکوہ کیا کہ یہاں دوائیں نہیں مل رہیں،ڈاکٹرز بھی وقت پر نہیں آتے ، شدید گرمی کے عالم میں پنکھے بھی نہیں چلتے۔ یہ سن کروہ ڈاکٹروں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے جم کر برسے۔ انہوں نے اسپتال کی خاتون سی ایم سادھنا سکسینہ کو جیل بھیجنے کی دھمکی دے ڈالی۔وزیر خزانہ نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال کی حالت ناگفتہ بہ ہے۔ لاپروائی کی انتہا ہے، ایک بیڈ پر 4مریضوں کو رکھا جارہا ہے، دوائیں کس مرض کی دی جارہی ہیں ڈاکٹروں کو معلوم نہیں۔ اسپتال کی فارمیسی پہنچا تووہاں کام کرنے والے ملازمین دیکھ کرفرار ہوگئے۔ راجیش اگر وال نے بتایا کہ گورکھپور کے بی آر ڈی اسپتال سے زیاددہ گمبھیر صورتحال بریلی کے اسپتال میں ہے۔ انہوں نے ضلع کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ ڈویژن میں قائم تمام سرکاری اسپتالوں کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کریں۔واضح ہو کہ بریلی کے آنولا قصبہ میں 10دنوں کے دوران 27افراد لقمہ اجل بن گئے۔