سرد صحرا میں جیپ ریلی : بابر خان کی فتح
گلگت: دنیا کے بلند ترین سرد صحرا میں گرمجوشی عروج پر ہے ۔ سرفہ رنگاہ میں سرد صحرا کی جیپ ریلی میں دفاعی چیمپیئن بابر خان نے ایک بار پھر فتح کے جھنڈے گاڑ دیئے۔ دنیا کے منفرد اور سرد ترین صحرا سرفہ رنگاہ میں فراٹے بھرتی جیپ ریلی کے فائنل معرکے میں ڈرائیوروں نے خوب مہارت دکھائی۔ جس کے بعد ڈھول کی تھاپ پر فنکاروں نے ثقافتی رقص سے ماحول کو شاندار بنا دیا۔ اس کولڈ ڈیزٹ ریلی میں دفاعی چیمپیئن بابر خان نے میدان مار لیا ،دوسری پوزیشن فخر ماہی نے حاصل کی جبکہ نوشیروان کی گاڑی تیسری پوزیشن پر آکر ٹھہری ۔ اس میگا ایونٹ میں 9 مختلف کیٹگریز میں مقابلے ہوئے، مقابلوں میں 10 باہمت خواتین ڈرائیوروں سمیت 92 ڈرائیووں نے ڈرائیونگ میں اپنے فن کو اجاگر کیا۔ مقابلوں کو دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی بڑی تعداد سرفہ رنگاہ میں موجود تھی۔بعض ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ سرفہ رنگاہ کا ٹریک پوری دنیا میں منفرد ہے۔ اس دیومالائی صحرا میں گاڑی چلانے کا تجزہ منفرد بھی ہے اور خطرناک بھی ہے۔ ٹائٹل جیتنے پر پوزیشن ہولڈر خوش نظر آئے اور تمام شائقین اس جیپ ریلی کے بعد روایتی رقص سے خوب لطف اندوز ہوئے۔