حکومت آئین نافذ نہیں کررہی، بی جے پی رہنما کا شکوہ
لکھنؤ۔۔۔۔اتر پردیش کے ضلع بہرائچ پارلیمانی حلقہ سے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ سادھوی ساوتری بائی پھولے ریزرویشن اور اس کے خلاف ہونے والے مظاہروں پر پارٹی سے سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت آئین نافذنہیں کررہی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے سپریم کورٹ کی ترمیمی بل لوک سبھا میں پاس کر کے اس کو پرانی حالت میں برقرار رکھاہے، اسے آئین کے نویں کلاس میں رکھنا چاہئے تاکہ اس سلسلے میں کوئی عدالت نہ جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس سے بہوجن سماج کو خوش کرنے اور عدالت کا راستہ بند کرنے کا کام کیا ہے۔ سادھوی نے کہا بہوجن سماج سازشوں کا شکار ہو رہا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ آخر کون لوگ یہ سازش کر رہے ہیں تو انہوں نے جواب دیاکہ آئین کو تبدیل کرنے ، اسے ختم کرنے بہوجن سماج کو ختم کرنے ، ریزرویشن کو ختم کرنیوالے سازشوں میں مصروف ہیں اور انہی کی وجہ سے ملک میں پسماندہ طبقات کے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہے۔سادھوی نے مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڑے اور پارٹی کے سینیئر رہنما سبرامنیم سوامی کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سبرامنیم سوامی کہتے ہیں کہ ہم ریزرویشن کو عضو ئے معطل بناکر رکھ دینگے۔ اسی سوچ کے لوگ ریزرویشن مخالف مظاہروں کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جس طبقے کے ووٹ سب سے زیادہ ہیں اسی کے ساتھ اندیکھی کی جا رہی ہے اور 3 فیصد والے لوگوں نے ہنگامہ برپا کررکھا ہے۔ سادھوی نے کہا کہ میں اپنے حقوق کی بات کر رہی ہوں ، پارٹی چھوڑنے کی بات نہیں کر رہی۔ انصاف کے حصول تک اپنی مہم جاری رکھوں گی۔