سعودی عرب کی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مخالف سائیڈ ڈرائیونگ سنگین خلاف ورزی ہے جس پر 6 ہزار ریال تک چالان کیا جاسکتا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے آگاہی مہم کے حوالے سے مختلف نوعیت کی خلاف ورزیوں کے بارے میں لوگوں کو متنبہ کرنے کی مہم شروع کی گئی ہے۔
مخالف سائیڈ پر گاڑی چلانا سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں میں شامل ہے جس پر قوانین کے مطابق کم از کم جرمانہ 3 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 6 ہزار ریال مقرر ہے۔
القيادة بالمركبة بعكس اتجاه السير يُهدد سلامتك وسلامة مستخدمي الطريق.#مسببات_الحوادث_المرورية#عندك_وقت#سلامتك_تهمنا pic.twitter.com/HnxcoOyxtp
— المرور السعودي (@eMoroor) January 15, 2025
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مقررہ ضوابط کی پاسداری کرنا ہر ایک کے لیے لازمی ہے۔ قوانین کا مقصد لوگوں کی جان اور مال کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
ٹریفک کی روانی کو منظم رکھنے اور حادثات سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ قوانین و ضوابط کی پابندی کی جائے۔ مخالف ٹریک پر گاڑی چلانے سے سنگین حادثات رونما ہونے کا قوی امکان ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے۔ لوگوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے شاہراہوں پر سمارٹ سسٹم کیمرے موجود ہیں جو مختلف نوعیت کی خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کر کے گاڑی کی تفصیلات کنٹرول روم کو ارسال کر دیتے ہیں جہاں سے خود کار سسٹم کے ذریعے چالان گاڑی کے مالک تک پہنچ جاتا ہے۔