بہرائچ : ڈرگ فیکٹری میں آتشزدگی، کروڑوں کا نقصان
لکھنؤ۔۔۔۔۔بہرائچ شہر کے چھاؤنی محلے میں واقع بنسل ڈرگ ایجنسی میں جمعہ کو علی الصباح اچانک آگ لگ جانے سے کروڑوں روپے کی دوائیں اور کیمیکلز جل کر راکھ ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اورفائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔3منزلہ عمارت میں 4سلنڈرز رکھے ہوئے تھے جن میں سے 2دھماکے سے پھٹ گئے۔ امدادی ٹیموں نے عمارت کے مکینوں کو بحفاظت نکال لیا۔واضح ہوکہ بنسل ڈرگ ایجنسی کے مالک نتن بنسل زمینی منزل پر ایجنسی قائم کئے ہوئے ہیں جبکہ اوپر کی منزل پر رہائش اختیار کررکھی ہے۔ اطلاع کے مطابق صبح کو نچلی منزل سے دھواں اٹھتا دیکھ کرپڑوسیوں نے شور مچایا اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی لیکن فائر بریگیڈ کے آنے میں 2گھنٹے لگ گئے ۔اس وقت تک آگ نے دوسری منزل کو اپنی زد میں لے لیا۔ مقامی لوگوں نے آگ بجھانے کی کوششیں شروع کردیں۔اس دوران وہاں موجود گیس سلنڈرز یکے بعد دیگرے دھماکے سے پھٹنے لگے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا ہوگیا۔ آگ بجھانے کے دوران فائر بریگیڈ کے ٹینکر میں پانی ختم ہوگیا جس پر وہاں موجود لوگوں نے ہنگامہ برپا کردیا۔ موقع پر موجود سٹی مجسٹریٹ اور ڈی ایم نے لوگوں کو سمجھا بجھاکر پرامن رہنے کی ہدایت دی، بعد ازاں دیگر علاقے سے فائر بریگیڈ کی ٹیمیں بلائی گئیں جس نے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا۔پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔