الیکشن کمیشن نے فضل الرحمان کا بیان مسترد کردیا
اسلام آباد... الیکشن کمیشن نے ایم ایم اے کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی جانب سے انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستانی عوا م کے مینڈیٹ کی توہین قرار دیا ہے ۔الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بعض اخبارات میں فضل الرحمان سے منسوب غیر ذمہ دارانہ بیان کہ "الیکشن کمیشن استعفی دے" پر الیکشن کمیشن نے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ صاف ، شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے بارے میں بغیر کسی ثبوت کے اس طرح کے بیانات افسوسناک اور حقائق کے برعکس ہیں۔ ترجمان کے مطابق عام انتخابات کے دوران عوا م نے آزادانہ ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ۔ پاکستانی عوام کے مینڈیت کا بغیر کسی جواز اور ذاتی مفاد کی بنیاد پر احترام نہ کرنا جمہوریت کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔ ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن یہ بھی واضح کرنا چاہتا ہے کہ انتخابی تنازعات کے لئے الیکشن کمیشن نے الیکشن ٹربیونلز مقرر کئے ہیں جو کہ ہائیکورٹس کے حاضر سروس ججز ہیں جن کی تعداد 20ہے۔اگر کسی امیدوار کو کوئی شکایت ہے تو اس کے ازالے کے لئے قانون میں دئیے گئے طریقہ کار کے مطابق الیکشن پٹیشن دائر کرے ۔اس طرح قومی اداروں پرالزامات لگاکر دباو میں لانے کی روایت ختم ہونی چاہیے۔ ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن خود مختار آئینی ادارہ ہے جو اس طرح کے دباو کو قبول نہیں کریگا۔