خاتون غوطہ خور نے کارنیوال کے ساحل پر نیلی شارکوں کی تصاویر اتار لیں
کارنیوال .... مقامی36سالہ غوطہ خور خاتون کرسٹی اینڈریوز جو زیر آب فوٹو گرافی کے حوالے سے بھی دنیا بھر میں مقبو ل ہیں اب کارنیوال کے ساحلی علاقے میں پائی گئی نیلی شارکوں کی تصاویر جاری کی ہیں جو انہوں نے بہت محنت او رلگن سے اتاری ہیں۔ جاری ہونے والی ایک تصویر میں نیلی شارک کرسٹی اینڈریوز کی پشت پر نظر آرہی ہے۔ کرسٹی کا کہنا ہے کہ بالعموم تمام شارکوں اور خاص طور پر ان نیلی شارکوں کے قریب جانا بھی تقریباً ناممکن ہوتا ہے مگر ان کی قربت حاصل کرنے کیلئے وہ کئی بار غوطہ خوری کے دوران ان شارکوں کے قریب سے قریب تر پہنچنے کی کوششیں کرتی رہی ہے۔ کرسٹی بنیادی طور پر ایک قانون دان ہیں اور وہ فارغ اوقات غوطہ خوری میں صرف کرتی ہیں اور اس کے لئے مصر جیسے دور دراز ممالک کے ساحلوں تک پہنچ جاتی ہیں۔ کرسٹی کا کہناہے کہ جب وہ شارکوں کی تصاویر اتار رہی تھیں تو ایک سیل نے بھی انہیں قریب آکر ڈرانے کی کوشش کی تھی۔ یہ تمام تصاویر پنزانسے کی پٹی پر اتاری گئی ہیں۔ تصویر اتارنے کیلئے کرسٹی کو 10میل کی ساحلی پٹی پر کئی بار غوطہ خوری کرنا پڑی تھی۔ انکا کہناہے کہ شارکوں کے قریب جانا اور انکی تصاویر لینا انتہائی سنسنی خیز کھیل ہے جس میں جان بھی جاسکتی ہے او رجس سے شہرت بھی ملتی ہے۔ کرسٹی کے بیان کے مطابق غوطہ خوری کی اس کامیاب مہم کے دوران انہیں پانی کے اندر متعدد ڈولفنوں کے ٹھکانے بھی نظر آئے اور ایک جگہ بہت بڑی سن فش بھی دیکھی گئی۔